
انوپ پور، 19 اپریل (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے ضلع انوپ پور میں اتوار کی صبح ایک ٹریکٹر بے قابو ہو کر گڑھے میں پلٹ گیا، جس سے تمام نوجوان اس کے نیچے دب گئے۔ بتایا گیا کہ ڈنڈوری ضلع کے رہنے والے چار دوست ٹریکٹر سے گٹی لینے جا رہے تھے، تبھی راستے میں ان کی گاڑی بے قابو ہو کر پلٹ گئی اور تمام کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
پولیس کے مطابق ڈنڈوری ضلع کے کرنجیا تھانہ علاقے کے تحت گرام بھیم کنڈی کے رہنے والے چار نوجوان ٹریکٹر لے کر انوپ پور کے پونی گاوں کی طرف جا رہے تھے۔ ان کا مقصد کریشر سے گٹی لانا تھا۔ صبح تقریباً چھ بجے کرن پٹھار تھانہ علاقے کے ٹھاڑ پتھار کے پاس اچانک ٹریکٹر بے قابو ہو گیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے ٹریکٹر سڑک سے نیچے اتر کر گہرے گڑھے میں جا پلٹا۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ ٹریکٹر اور ٹرالی کے نیچے دبتے ہی تمام نوجوانوں کی موت ہو گئی۔
اطلاع ملنے پر پولیس ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی، لیکن صورتحال انتہائی سنگین تھی۔ ٹریکٹر کا انجن اور بھاری حصہ نوجوانوں کے اوپر ہی تھا، جس کی وجہ سے انہیں نکالنا بے حد مشکل ہو رہا تھا۔ اس کے بعد پولیس نے جے سی بی مشین منگوائی اور سخت جدوجہد کے بعد ٹریکٹر کو ہٹا کر لاشوں کو باہر نکالا گیا۔ اس حادثہ میں جان گنوانے والوں کی شناخت انکش اوئیکے (24)، برجیش پیندو (18)، رویندر کمار گوئل اور 15 سالہ پرکاش مارکو کے طور پر ہوئی ہے۔ ان میں سے ایک نوجوان نابالغ بھی تھا۔ تمام متوفیان بھیم کنڈی گاوں کے رہنے والے تھے اور آپس میں اچھے دوست بتائے جا رہے ہیں۔
اس واقعہ سے گاوں میں سوگ کی لہر دوڑ گئی۔ چار نوجوانوں کی موت سے پورے گاوں میں ماتم چھایا ہوا ہے۔ اہل خانہ کا رو رو کر برا حال ہے اور ہر کسی کی آنکھیں نم ہیں۔ معاملے کے بارے میں انوپ پور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ مطیع الرحمان نے بتایا کہ تمام متوفیان ڈنڈوری ضلع کے رہنے والے تھے اور حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر امدادی کام شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال مرگ قائم کر کے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
پولیس حادثہ کی وجوہات کی جانچ کر رہی ہے۔ ابتدائی طور پر ٹریکٹر کے بے قابو ہونے کو حادثہ کی وجہ مانا جا رہا ہے، تاہم تکنیکی خرابی یا ڈرائیور کی لاپرواہی جیسے پہلووں کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ پولیس کی جانب سے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی بات کہی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن