
نئی دہلی، 19 اپریل (ہ س) صدرجمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے تمل ناڈو کے ویردھو نگر ضلع میں پٹاخے کی فیکٹری میں ہونے والے المناک حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صدرجمہوریہ اور وزیر اعظم نے اس المناک واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ تمل ناڈو کے ویردھونگر ضلع میں ہونے والے حادثے میں جان و مال کا نقصان بہت افسوسناک ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے اپنی گہری تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اس واقعہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیا اور اپنے پیاروں کو کھونے والوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔
ویردھونگر ضلع کے کٹونار پٹی علاقے میں اتوار کی دوپہر ایک پٹاخے کی فیکٹری میں دھماکے کے بعد زبردست آگ لگ گئی۔ حادثے میں کم از کم 18 مزدوروں کی ہلاکت کا خدشہ ہے، حالانکہ انتظامیہ نے ابھی تک سرکاری طور پر ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی ہے۔
حادثے میں چھ افراد زخمی ہوئے ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔ جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ انتظامیہ اور فائر ڈیپارٹمنٹ کی ٹیمیں صورتحال پر قابو پانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی