
نئی دہلی، 16 اپریل (ہ س)۔ تیسرے سوامی دیانند سرسوتی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں میزبان پی جی ڈی اے وی کالج نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمعرات کو شیواجی کالج کو 175 رنوں کے بڑے فرق سے شکست دے کر لگاتار دوسری جیت درج کی۔
اس مقابلے کے ہیرو یش ڈباس رہے، جنہوں نے محض 51 گیندوں میں 161 رنوں کی طوفانی اننگ کھیلی۔ اپنی اننگ میں انہوں نے 16 چوکے اور 15 چھکے لگائے۔ ان کے علاوہ شریشٹھ یادو (58) اور انکت کمار (53) نے بھی نصف سنچریاں بنا کر ٹیم کے اسکور کو مضبوطی دی۔
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پی جی ڈی اے وی کالج نے مقررہ 20 اووروں میں 7 وکٹ پر 332 رنوں کا ہمالیائی اسکور کھڑا کیا۔ جواب میں شیواجی کالج کی ٹیم 15.3 اوور میں 157 رن پر سمٹ گئی۔ شیواجی کالج کی جانب سے پرینش سنگھ نے سب سے زیادہ 37 رن بنائے، جبکہ دھیریا ملہوترا نے گیند بازی میں تین وکٹ حاصل کیے۔
پی جی ڈی اے وی کالج کی طرف سے ویبھو پانڈے (13 رن دے کر 4 وکٹ) اور پرنیت (17 رن دے کر 3 وکٹ) نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے حریف ٹیم کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔ یش ڈباس کو ان کی بہترین کارکردگی پر ’پلیئر آف دی میچ‘ منتخب کیا گیا، یہ ایوارڈ ڈاکٹر پون ڈباس نے پیش کیا۔
ٹورنامنٹ کے ایک دوسرے مقابلے میں پی جی ڈی اے وی یلو ٹیم نے شہید بھگت سنگھ کالج کو 87 رنوں سے ہرایا۔ اس میچ میں کرن سونی نے شاندار آل راونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 52 گیندوں میں 132 رن بنائے، جس میں 11 چوکے اور 12 چھکے شامل رہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے گیند بازی میں بھی کمال کرتے ہوئے 11 رن دے کر 3 وکٹ حاصل کیے۔
نیتک یادو (40) اور انش جاکھڑ (3/38) نے بھی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پی جی ڈی اے وی یلو ٹیم نے 20 اوور میں 6 وکٹ پر 265 رن بنائے۔ جواب میں شہید بھگت سنگھ کالج کی ٹیم 19.2 اوور میں 178 رن پر آل آوٹ ہوگئی۔
شکست خوردہ ٹیم کی جانب سے وردان سوری نے 23 رن بنائے، جبکہ ابھے اور شاشوت نے دو دو وکٹ حاصل کیے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن