
واشنگٹن، 13 اپریل (ہ س)۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ویٹیکن کے سربراہ پوپ لیو (چودہویں) پر کڑی تنقید کی ہے۔ انہوں نے ایران کے ساتھ جنگ کے حوالے سے پوپ کے موقف کی مذمت کی۔ ٹرمپ نے کہا کہ پوپ لیو کی خارجہ پالیسی انتہائی ناقص ہے۔ اتوار کی شام صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ہمیں ایسا پوپ پسند نہیں ہے جو یہ کہے کہ جوہری ہتھیار رکھنا قابل قبول ہے۔ وہ اس بات پر غور نہیں کرتے کہ اگر ایران جوہری طاقت بن گیا تو وہ دنیا کو تباہ کر دے گا۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق پہلے بھی پوپ لیو ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے حوالے سے تیزی سے آواز اٹھاتے جا رہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے پوپ نے ٹرمپ کی جانب سے ایران کو دی گئی دھمکی کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔ ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ آج رات ایک پوری تہذیب کا صفایا ہو سکتا ہے۔ یہ دھمکی ایران کے ساتھ دو ہفتے کی جنگ بندی پر سمجھوتہ ہونے سے چند گھنٹے قبل سامنے آئی تھی جس پر پوپ نے سخت رد عمل طاہر کیا تھا۔
اس تنازعہ کے دوران، ٹرمپ اور سیکرٹری دفاع پیٹ ہیگستھ دونوں نے اپنے بیانات میں خدا کویاد کیا تھا۔ خاص طور پر، ہیگستھ نے اس جنگ کو خدا کی جانب سے منظور شدہ قرار دیا ہے، حتیٰ کہ اس نظریے کی تائید کے لیے عیسائی مذہبی صحیفوں کا حوالہ بھی دیا۔ پوپ لیو نے اس تصور کی سختی سے مخالفت کی ہے۔ پام سنڈے کے موقع پر پوپ لیو نے کہا، یسوع امن کے پیامبر ہیں۔ وہ جنگ کو مسترد کرتے ہیں۔ کوئی بھی ان کا استعمال جنگ کوجواز فراہم کرنے کے لیے نہیں کر سکتا۔ اس کے بعد ٹرمپ نے پوپ پر تنقید کرنے کے لیے 'ٹروتھ سوشل' کا رخ کیا۔
صدر ٹرمپ نے لکھا، ہمیں کسی ایسے پوپ کی ضرورت نہیں جو یہ سمجھے کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار رکھنا قابل قبول ہے اور جو یہ سمجھتا ہے کہ وینزویلا پر امریکی حملہ ایک خوفناک اقدام تھا۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ مجھے ایسا پوپ نہیں چاہیے جو امریکہ کے صدر پر تنقید کرے۔ صدرٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ لیو کے پاس پوپ بننے کے لیے ضروری اہلیت کی کمی تھی۔ چرچ نے انھیں صرف اس لیے قبول کیا کہ وہ ایک امریکی تھے۔ ٹرمپ کی تنقید کے جواب میں ویٹی کن کے اہلکار فادر انتونیو سپاڈارو نے کہا کہ صدر ٹرمپ اخلاقی آواز کو خاموش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایکس پر لکھتے ہوئے، اسپاڈارو نے تبصرہ کیا کہ ٹرمپ لیو کے ساتھ بحث نہیں کر سکتے۔ پوپ لیو کے الفاظ میں گہرا وزن ہے، یہی وجہ ہے کہ ٹرمپ مشتعل ہو گئے۔ پوپ لیو اس سے قبل جوہری ہتھیاروں کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کے خلاف بھی آواز اٹھا چکے ہیں۔
گزشتہ جون میں، جب ٹرمپ ایرانی جوہری مقامات پر حملے کے بارے میں سوچ رہے تھے، اس وقت پوپ نے کہا: جوہری خطرے سے پاک ایک محفوظ دنیا کی تعمیر کے عزم کو باہمی احترام اور حقیقی بات چیت کے ذریعے آگے بڑھانا چاہیے، تاکہ ایک پائیدار امن، جس کی بنیاد انصاف، بھائی چارے اور مشترکہ بھلائی پر ہو، قائم ہو سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد