
نئی دہلی، 28 مارچ (ہ س)۔ وزیراعظم نریندر مودی آج اتر پردیش کے گوتم بدھ نگر ضلع کے نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے کے پہلے مرحلے (فیز-1) کا افتتاح کریں گے۔ وہ بعد میں ایک عوامی جلسے سے بھی خطاب کریں گے۔ وزیراعظم مودی نے افتتاحی تقریب سے قبل شام کو کہا کہ ہفتہ اتر پردیش اور نیشنل کیپیٹل ریجن (این سی آر) کے لوگوں کے لیے بے حد اہم دن ہوگا۔ اس دن نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے پہلے مرحلے کا افتتاح کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے ’ایکس‘ پر کہا کہ یہ منصوبہ تجارت اور کنیکٹیویٹی کو نئی رفتار دے گا۔ ساتھ ہی اس سے دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ٹریفک کا دباو بھی کم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ ملک کے اہم گرین فیلڈ منصوبوں میں سے ایک ہے۔ یہ صرف مسافر خدمات تک محدود نہیں رہے گا، بلکہ اس میں مضبوط کارگو ایکو سسٹم بھی تیار کیا گیا ہے، جس سے لاجسٹکس سیکٹر کو فروغ ملے گا۔
وزیراعظم کے دفتر کے مطابق، وزیراعظم مودی آج صبح تقریباً 11.30 بجے گوتم بدھ نگر کے جیور میں واقع نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے کی ٹرمینل عمارت کا معائنہ کریں گے۔ اس کے بعد، دوپہر تقریباً 12.00 بجے وزیراعظم نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے کے پہلے مرحلے کا افتتاح کریں گے۔ تقریباً 11,200 کروڑ کی لاگت سے تیار کیا گیا یہ ایئرپورٹ ملک کے سب سے بڑے گرین فیلڈ ایئرپورٹ پروجیکٹس میں سے ایک ہے۔ اسے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) ماڈل کے تحت تیار کیا گیا ہے۔ فیز-1 میں ایئرپورٹ کی سالانہ مسافر گنجائش 12 ملین ہوگی، جسے مستقبل میں بڑھا کر 70 ملین تک کیا جا سکے گا۔
یہ ایئرپورٹ 3,900 میٹر طویل رن وے سے لیس ہے، جو بڑے طیاروں کی آمد و رفت کے قابل ہوگا۔ ساتھ ہی اس میں جدید نیویگیشن سسٹم اور جدید ترین ایئر فیلڈ لائٹنگ جیسی سہولیات بھی شامل ہیں، جس سے ہر موسم میں 24x7 آپریشن ممکن ہوگا۔ نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے کو ملٹی ماڈل ٹرانسپورٹ ہب کے طور پر تیار کیا گیا ہے، جس میں سڑک، ریل، میٹرو اور علاقائی ٹرانسپورٹ کے نظاموں کا بہترین امتزاج ہوگا۔ یہ دہلی-این سی آر کے لیے دوسرے بین الاقوامی ایئرپورٹ کے طور پر کام کرے گا اور اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دباو کم کرنے میں مدد کرے گا۔
ایئرپورٹ میں ایک جدید ترین کارگو ہب بھی تیار کیا گیا ہے، جو شروع میں سالانہ 2.5 لاکھ میٹرک ٹن کارگو سنبھال سکے گا اور مستقبل میں اسے 18 لاکھ میٹرک ٹن تک بڑھایا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ 40 ایکڑ میں مینٹیننس، ریپیئر اور اوور ہال (ایم آر او) کی سہولت بھی بنائی گئی ہے۔ ماحولیات کے لحاظ سے یہ منصوبہ خاص ہے، جسے نیٹ زیرو اخراج والے ایئرپورٹ کے طور پر تیار کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اس کا ڈیزائن ہندوستانی ثقافتی ورثے سے متاثر ہے، جس میں گھاٹ اور حویلیوں کی جھلک دیکھنے کو ملتی ہے۔ یمنا ایکسپریس وے کے کنارے واقع یہ ایئرپورٹ علاقائی اور بین الاقوامی کنیکٹیویٹی کو نئی رفتار دینے کے ساتھ ساتھ ہندوستان کو عالمی ایوی ایشن ہب بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم مانا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن