


کھونٹی، 28 مارچ (ہ س)۔ نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے ہفتہ کو جھارکھنڈ کے کھونٹی ضلع میں بھگوان برسا منڈا کی جائے پیدائش اولیہاتو کا دورہ کیا۔ جھارکھنڈ کے گورنر سنتوش کمار گنگوار بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔
نائب صدر جمہوریہ اور گورنر نے اولیہاتو پہنچ کر بھگوان برسا منڈا کے مجسمہ پر پھول نذر کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد انہوں نے برسا منڈا کے وارثینسے ملاقات کی اور انہیں یادگاری نشانات سے نوازا۔
اپنے دورے کے دوران نائب صدر جمہوریہ نے وہاں موجود بچوں سے بھی بات چیت کی۔ انہوں نے ان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ دل لگا کر پڑھائی کریں، اپنے اہداف طے کریں اور زندگی میں آگے بڑھیں۔ نائب صدر جمہوریہ نے اس کے بعد برسا کمپلیکس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پھر سے برسا منڈا کے مجسمے پرگلہائے عقیدت نذر کئے۔ یہاں انہوں نے مقامی دیہی باشندوں سے بات چیت کی اور ان کے مسائل اور حالات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
قبل ازیں، نائب صدر جمہوریہ کی ہیلی پیڈ پر آمد پر ضلع انتظامیہ نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر عرفان انصاری نے گورنر کے ہمراہ پھولوں کے گلدستے کے ساتھ نائب صدر جمہوریہ کا استقبال کیا۔ اس تقریب میں ڈپٹی کمشنر آر رونیتا اور پولیس سپرنٹنڈنٹ منیش ٹوپو سمیت کئی انتظامی اہلکار موجود تھے۔
اس کے علاوہ راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نارائن سنگھ، نائب صدر کے سکریٹری امت کھرے سمیت کئی معززین نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔نائب صدر جمہوریہ کے اس دورے کو قبائلی فخر اور مجاہد آزادی برسا منڈا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے خیالات اور خدمات کو نئی نسل تک پہنچانے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد