
نالندہ یونیورسٹی میں 31 مارچ کو دوسری تقسیم اسناد تقریب، صدرجمہوریہ دروپدی مرمو مہمان خصوصی ہوں گیپٹنہ، 28 مارچ (ہ س)۔ عالمی شہرت یافتہ نالندہ یونیورسٹی اپنا دوسرا کانووکیشن 31 مارچ کو راجگیر واقع اپنے کیمپس میں منعقد کرے گی۔ اس تاریخی موقع پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو مہمان خصوصی ہوں گی۔ یہ تقریب کئی لحاظ سے خاص ہوگی، کیونکہ یہ نئے افتتاح شدہ مستقل کیمپس میں منعقد ہونے والا پہلا کانووکیشن ہے۔ اس جدید کیمپس کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی نے جون 2024 میں کیا تھا۔ یونیورسٹی کے احیاء کے بعد یہ دوسری تقسیم اسناد تقریب ہے۔ پہلا کانووکیشن 2016 میں ہوا تھا۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کا بطور صدر جمہوریہ راجگیر اور نالندہ یونیورسٹی کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ اس دورے کے دوران وہ جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کریں گی، طلباء کو ڈگریاں تفویض کریں گی اور ہونہار طلباء کو گولڈ میڈل سے نوازیں گی۔ وہ یونیورسٹی کے نو تعمیر شدہ 2000 نشستوں والے آڈیٹوریم وشوامترالیہ کا بھی افتتاح کریں گی۔تقریب میں پوسٹ گریجویٹ اور ڈاکٹریٹ پروگرام کے طلباء کو ذاتی طور پر ڈگریاں دی جائیں گی۔ اس کانووکیشن میں ارجنٹینا، ویتنام، بھوٹان، انڈونیشیا، کینیا، لاؤس، میانمار، سربیا، گھانا، تھائی لینڈ، نیپال، بنگلہ دیش اور زمبابوے سمیت متعدد ممالک کے طلباء کی بین الاقوامی شرکت بھی ہے۔ کل 10 پی ایچ ڈی کی ڈگریاں اور 36 گولڈ میڈل دیئے جائیں گے، جو یونیورسٹی کی بڑھتی ہوئی عالمی تعلیمی ساکھ کی عکاسی کرتے ہیں۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan