
سلی گوڑی، 26 مارچ (ہ س)۔ سلی گوڑی کی بنگال سفاری میں لائن سفاری کے لئے سیاحوں میں زبردست جوش پایا جاتا ہے، لیکن انتظامی رکاوٹوں کی وجہ سے ابھی تک اسے شروع نہیں کیا جا سکا ہے۔
شیر، ریچھ اور گینڈے جیسے جنگلیجانوروں کو دیکھنے کے لیے سیاح سال بھر بنگال سفاری کا دورہ کرتے ہیں۔ تاہم، پچھلے کچھ مہینوں سے، مجوزہ لائن سفاری سب سے زیادہ توجہ کا مرکز رہی ہے۔ اس کے باوجود سفاری کے شروع نہ ہونے کی وجہ سے سیاح مایوس ہوکر واپس لوٹ رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق،لائن سفاری کے لیے ضروری انفراسٹرکچر اور انکلوژر مکمل طور پر تیار ہیں تاہم سینٹرل زوو اتھارٹی سے ابھی تک حتمی منظوری نہیں ملی ہے۔ قواعد و ضوابط کے تحت، نئے جانوروں کو متعارف کرانے یا سفاری شروع کرنے سے پہلے اس مرکزی اتھارٹی سے اجازت لازمی ہے۔
بنگال سفاری کے ڈائریکٹر وجے کمار نے کہا کہ سفاری کی اپیل کو بڑھانے کے لیے نئے جانوروں کو لانے کی تجویز پیش کی گئی ہے، لیکن فی الحال منظوری کا انتظار ہے۔ فی الحال، پہاڑ اور ڈوآرز کے علاقے میں شیاحوں کی خاصی بھیڑ ہے۔کئی لوگ یہاں لائن سفاری کی امید میں آ رہے ہیں، لیکن انہیں صرف انکلوژر سے ہی ببر شیروں کو دیکھنا پڑ رہا ہے۔
دریں اثنا، سیاحوں نے کہا،”ہم کئی مہینوں سے لائن سفاری کے بارے میں سن رہے ہیں، ہم نے سوچا کہ یہ پہلے ہی شروع ہو چکی ہو گی، لیکن یہاں پہنچ کر ہمیں معلوم ہوا کہ یہ ابھی شروع نہیں ہوئی، جو کہ مایوس کن ہے۔“
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد