
علی گڑھ, 26 مارچ (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے لینڈ اینڈ گارڈن شعبہ کے زیر اہتمام منعقدہ پھولوں کی سالانہ نمائش 2026 کا اختتام دو روزہ تقریب کے دوران دلکش پھولوں کی نمائش اور خوبصورت باغات کے درمیان انعامات کی تقسیم کے ساتھ ہوا۔
وائس چانسلر لاج نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یونیورسٹی زمرہ (1500–2000 مربع میٹر) کے بہترین باغ کے لیے یونیورسٹی رننگ کپ، (500–1000 مربع میٹر) زمرہ میں بہترین باغ کے لیے یونیورسٹی رننگ کپ، 250 مربع میٹر سے کم رقبے کے بہترین باغ کے لیے مسز ریکھا کرشنا میموریل رننگ کپ، نمائش کے بہترین مظہر کے لیے یونیورسٹی رننگ کپ اور کلاس‘سی’میں بہترین مظہر کے لیے آنند چترویدی میموریل رننگ کپ حاصل کیے۔
گلستانِ سید کو 2000 مربع میٹر سے زائد رقبے کے بہترین بڑے لان کے لیے بیگم ثروۃ النسا کپ اور کلاس C-4 میں بہترین گلاب کے لیے مسٹر نفیس الحسن رننگ کپ دیا گیا۔
شعبہ نباتیات نے 1000–1500 مربع میٹر زمرہ میں بہترین یونیورسٹی باغ کے لیے ایچ پی بھیا جی رننگ کپ جیتا، جبکہ چیئرمین شعبہ نباتیات نے کلاس F1–F6 میں بہترین مظہر کے لیے سید وقار احمد رننگ کپ اور گملوں میں اگائے گئے کیکٹس کے لیے پروفیسر سہیل احمد میموریل رننگ کپ حاصل کیا۔
پی وی سی لاج کو 250–500 مربع میٹر زمرہ میں بہترین یونیورسٹی باغ کے لیے یونیورسٹی رننگ کپ اور کلاس‘بی’میں بہترین مظہر کے لیے مسٹر ایم حبیب رننگ کپ دیا گیا۔
اے ایم یو گرلز اسکول نے کلاس‘ڈی’میں بہترین مظہر کے لیے مسٹر ظفر عالم رننگ کپ جیتا۔
ماسکوٹ ہونڈا کو بہترین ادارہ جاتی باغ کے لیے یونیورسٹی رننگ کپ دیا گیا، جبکہ احمد موسیٰ سعد صدیقی کو بہترین نجی باغ کے لیے ڈاکٹر ایم کے گپتا اور مسز سدھا گپتا رننگ ٹرافی سے نوازا گیا۔
مختلف زمروں میں مجموعی طور پر 242 انعامات تقسیم کیے گئے، جن میں 72 اول انعام، 73 دوم انعام اور 97 حوصلہ افزائی کے انعامات شامل تھے۔ کل انعامی رقم 38,650 روپے رہی۔
اس موقع پر سابق وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام ماحولیات سے متعلق بیداری اور باغبانی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور لوگوں کو فطرت کے ساتھ گہرا تعلق قائم کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔
پرو وائس چانسلر پروفیسر ایم محسن خان نے کہا کہ یہ پھولوں کی نمائش اے ایم یو کی جمالیاتی برتری اور اجتماعی شرکت کی شاندار روایت کی عکاسی کرتی ہے اور طلبہ و عملہ کو سرسبز اور پائیدار ماحول برقرار رکھنے میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔
ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر، علی گڑھ، مسٹر ِشوم کمار نے شرکاء کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات ماحولیاتی شعور اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
پراکٹر پروفیسر محمد نوید خان نے بھی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے منتظمین اور شرکاء کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ یہ تقریب تخلیقی صلاحیت، نظم و ضبط اور کیمپس کے سرسبز مقامات کے تحفظ کے لیے اجتماعی عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
رننگ کپ پروفیسر محمد گلریز، پروفیسر ایم محسن خان اور مسٹر شِوم کمار نے تقسیم کیے، جبکہ مختلف زمروں کے انعامات اور اسناد پروکٹر پروفیسر محمد نوید خان، پروفیسر عبدالحکیم، پروفیسر جی ایس ہاشمی، پروفیسر اسد اللہ خان، پروفیسر عبدالمُنیر، مسٹر ذیشان احمد، ڈاکٹر محمد نیّر رحمان، مسٹر فراز فاروق، ڈاکٹر حسین حیدر اور ڈاکٹر ایس ایم جاوید نے پیش کیے۔
اس سے قبل لینڈ اینڈ گارڈنز شعبہ کے ممبر انچارج پروفیسر انور شہزاد نے مہمانوں کا استقبال کیا اور پروگرام کی نظامت کی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ