
رمضان کی روحانیت، فلسطین کی جدوجہدِ آزادی اور مسلم اتحاد پر زور، انڈین یونین مسلم لیگ کا موثر پیغامنئی دہلی،18مارچ(ہ س)۔کے ایم سی سی (کیرلا مسلم کلچرل سینٹر) کے زیرِ اہتمام انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں ایک عظیم الشان اور پروقار دعوتِ افطار کا انعقاد کیا گیا، جس میں دہلی پردیش کے تمام ذمہ داران، معزز شخصیات اور انڈین یونین مسلم لیگ کی اعلیٰ قیادت نے بھرپور شرکت کی۔اس اہم تقریب میں دہلی پردیش کے صدر مولانا نثار احمدنقشبندی، جنرل سکریٹری عمران اعجاز، نور الشمس، مولانا معین الدین (سینئر رکن)، نیشنل سکریٹری خرم انیس عمر۔ آصف انصاری نیشنل سکریٹری سمیت دیگر ذمہ داران شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ انڈین یونین مسلم لیگ کے ارکانِ پارلیمنٹ بھی بڑی تعداد میں موجود رہے، جن میں پی وی عبدالوہاب، رب نواز غنی اور حارث میران سمیت پانچ ممبران شامل تھے۔
تقریب کا آغاز شام پانچ بجے ہوا اور اس میں فلسطین کے سفیر عدنان ابو الحیجہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اپنے خطاب میں مقررین نے ماہِ رمضان کی عظمت و فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ مہینہ صبر، تقویٰ، ایثار اور انسانیت کے ساتھ ہمدردی کا پیغام دیتا ہے۔ روزہ انسان کو خود احتسابی، روحانی پاکیزگی اور اللہ تعالیٰ سے قربت کا درس دیتا ہے۔فلسطین کے مسئلہ پر گفتگو کرتے ہوئے قائدین نے فلسطینی عوام کی جدوجہدِ آزادی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی قربانیاں پوری امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ فلسطین کے مظلوم عوام کو انصاف دلانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔مقررین نے انڈین یونین مسلم لیگ کو ایک ایسی جماعت قرار دیا جو ملک کے مسلمانوں کے مسائل کو سنجیدگی سے اٹھاتی ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے مخلصانہ جدوجہد کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ہمیشہ سے سماجی انصاف، بھائی چارے اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے سرگرم رہی ہے۔پروگرام کے اختتام پر انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے سبزہ زار میں اجتماعی افطار اور پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا، جہاں شرکاءنے باہمی اخوت و محبت کے ماحول میں روزہ افطار کیا اور اتحادِ امت کے پیغام کو مضبوط کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais