فرخ آباد میں سابق ایم ایل اے کے گھرمیں بم دھماکہ: دو بیٹوں سمیت نصف درجن افراد کے خلاف ایف آئی آر درج
فرخ آباد، 18 مارچ (ہ س)۔ منگل کی دیر رات اتر پردیش میں فرخ آباد شہر کے کوتوالی علاقے میں سابق ایم ایل اے وجے سنگھ کی رہائش گاہ پر ہوئے دھماکے کے سلسلے میں ان کے بیٹوں سکی اور وکی کے ساتھ ساتھ نصف درجن زخمی ساتھیوں کے خلاف بم بنانے کا مقدمہ درج کیا
فرخ آباد میں سابق ایم ایل اے کے گھرمیں بم دھماکہ: دو بیٹوں سمیت نصف درجن افراد کے خلاف ایف آئی آر درج


فرخ آباد، 18 مارچ (ہ س)۔ منگل کی دیر رات اتر پردیش میں فرخ آباد شہر کے کوتوالی علاقے میں سابق ایم ایل اے وجے سنگھ کی رہائش گاہ پر ہوئے دھماکے کے سلسلے میں ان کے بیٹوں سکی اور وکی کے ساتھ ساتھ نصف درجن زخمی ساتھیوں کے خلاف بم بنانے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ رپورٹ نواب گنج چوکی کے انچارج عمران فرید نے درج کرائی۔ کوتوالی پولس نے معاملہ درج کرکے تفتیش گھمنہ چوکی کے انچارج امیت کمار گپتا کو سونپ دی ہے۔

نواب گنج چوکی کے انچارج عمران فرید کی طرف سے درج کرائی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ 17 مارچ کو شام 4 بجے کے قریب پولیس گاڑیوں کی چیکنگ کر رہی تھی جب انہیں زخمی اور جلے ہوئے افراد کو ای رکشہ میں لے جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ تحقیقات پر ان کی شناخت سابق ایم ایل اے وجے سنگھ کے بیٹے ابھیناش عرف وکی اور ابھیشیک عرف سکی کے طور پر ہوئی ہے۔ ان کے گھر میں زور دار دھماکہ ہوا تھا جس میں پانچ سے چھ افراد زخمی ہوئے تھے۔

پولیس جب جائے وقوعہ پر پہنچی تو گھر کے باہر ہجوم تھا اور پورے علاقے میں افراتفری تھی۔ گھر کے اندر فرش ٹوٹ گیا، تہہ خانے کی چھت اڑ گئی اور سامان بکھر ا پڑا تھا۔ ملبے تلے دبے ایک شخص کو نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں ایشو چورسیہ (29)، رامویر یادو (60)، راجو مشرا (35)، بھائی لال (40) اور دیگر شامل ہیں۔

پولیس کی تفتیش میں تہہ خانے سے بارودی مواد کی بو اور دیواروں پر خون کے دھبے کا انکشاف ہوا۔ عمارت کی تیسری منزل تک کھڑکیاں، دروازے اور چھت کو نقصان پہنچا۔ مقامی لوگوں کے مطابق منگل کی شام ساڑھے سات بجے کے قریب زور دار دھماکہ ہوا۔ جائے وقوعہ سے ظاہر ہورہاہے کہ عمارت میں دھماکہ خیز مواد غیر قانونی طور پر تیار کیا جا رہا تھا جس کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔ واقعہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے۔

پولیس نے ملزمان پر تعزیرات ہند 2023 کی دفعہ 288، 131، 125 (A)، 125 (B) اور دیگر دفعات کے علاوہ دھماکہ خیز مواد ایکٹ 1908 کے تحت فرد جرم عائد کی ہے۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ارون کمار سنگھ نے بتایا کہ شواہد اکٹھے کرنے کے لیے ڈاگ اسکواڈ اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بلایا گیا ہے۔ کانپور کی ایک ٹیم نے جائے وقوعہ کی چھان بین کی اور شواہد اکٹھے کئے۔ پولیس نے علاقے میں سیکورٹی بڑھا دی ہے اور ملزمان کو نگرانی میں رکھا ہوا ہے۔

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande