
جموں, 18 مارچ (ہ س)۔
جموں و کشمیر کے راجوری، ڈوڈہ اور پونچھ اضلاع میں مشتبہ دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاعات کے بعد سیکورٹی فورسز نے وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا ہے۔حکام کے مطابق منگل کی دیر شام راجوری کے کھنڈلی اور اس سے ملحقہ علاقہ پالمہ کے نزدیک اُس وقت کومبنگ آپریشن شروع کیا گیا جب ایک مقامی شہری نے دو مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کی اطلاع دی۔ اطلاعات کے مطابق یہ افراد ایک نالے کے راستے قریبی جنگل کی جانب جاتے ہوئے دیکھے گئے۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ تاحال مشتبہ افراد کے ساتھ کوئی رابطہ یا مڈبھیڑ نہیں ہوئی ہے۔ادھر ضلع ڈوڈہ کے مرمت علاقے میں بھی مقامی لوگوں کی جانب سے مشتبہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع کے بعد مختلف دیہات میں تلاشی کارروائیاں جاری ہیں۔ مرمت کا علاقہ دہشت گردوں کی جانب سے ڈوڈہ اور ادھم پور کے بسنٹ گڑھ کے درمیان نقل و حرکت کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے، جو رام بن کے بعض علاقوں سے بھی ملتا ہے۔اسی دوران پولیس اور فوج نے ڈوڈہ کے سرلیہ علاقے کے علاوہ پونچھ ضلع کے ڈنڈی دھارا اور آری سروتی علاقوں میں بھی مشترکہ تلاشی مہم چلائی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر