خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کو 57 ہزار کروڑ بلاسودی قرض کی فراہمی
حیدرآباد، 18 مارچ (ہ س) ۔ نائب وزیراعلی بھٹی وکرامارکا نے دعویٰ کیاکہ رعیتو بھروسہ اسکیم کے علاوہ دھان کی پیداوار کے بونس کے طور پر کسانوں کو فی کس 25 ہزار روپئے ادا کئے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت فی کنٹل 500 روپئے بونس کے حساب سے امدادی رقم
خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کو 57 ہزار کروڑ بلاسودی قرض کی فراہمی


حیدرآباد، 18 مارچ (ہ س) ۔ نائب وزیراعلی بھٹی وکرامارکا نے دعویٰ کیاکہ رعیتو بھروسہ اسکیم کے علاوہ دھان کی پیداوار کے بونس کے طور پر کسانوں کو فی کس 25 ہزار روپئے ادا کئے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت فی کنٹل 500 روپئے بونس کے حساب سے امدادی رقم کسانوں کے بینک اکاؤنٹ میں راست طور پر جمع کررہی ہے۔ رعیتو بھروسہ اسکیم کے تحت 9 ہزار کروڑ کسانوں کے اکاؤنٹس میں منتقل کئے گئے۔ گزشتہ 9 دنوں کے دوران یہ رقم منتقل کی گئی ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے قانون ساز اسمبلی میں گورنر کے خطبہ پر تحریک تشکر مباحث کے دوران مداخلت کرتے ہوئے بی آر ایس رکن کے ٹی آر کے الزامات کا جواب دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ سیلف ہیلپ گروپ سے تعلق رکھنے والی خواتین کو ہر سال 20 ہزار کروڑ روپئے بلاسودی قرض جاری کیا جارہا ہے جو خواتین کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کیا جاتا ہے۔ گزشتہ 2 برسوں میں 57 ہزار کروڑ سیلف ہیلپ گروپس کی خواتین کو جاری کئے گئے۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ بی آر ایس دور حکومت میں سیلف ہیلپ گروپس کی خواتین کو نظرانداز کردیا گیا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ کے ٹی آر نے بحث کے دوران جو ریمارکس کئے ہیں، اُن سے خواتین کا وقار مجروح ہوگا۔ کانگریس حکومت نے ریاست بھر میں اندراماں ہاؤزنگ کے تحت 4.5 لاکھ مکانات کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے جس پر 22500 کروڑ کے مصارف آئیں گے۔ ہر اسمبلی حلقہ میں 3500 اندراماں ہاؤزنگ مکانات منظور کئے گئے اور مکان کی تعمیر کے لئے 5 لاکھ روپئے کی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ کانگریس حکومت الیکشن سے قبل عوام سے کی گئی 6 ضمانتوں کے وعدے پر عمل پیرا ہے۔ اُنھوں نے اپوزیشن ارکان کو مشورہ دیا کہ وہ بے بنیاد تنقیدوں کے بجائے حکومت کو تعمیری تجاویز پیش کرتے ہوئے فلاحی اسکیمات پر مؤثر عمل آوری کو یقینی بنائے۔ کے سی آر نے تلنگانہ کے پہلے وزیراعلی کے طور پر دلت کو مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن برسر اقتدار آتے ہی کے سی آر خاندان نے ذمہ داری سنبھال لی۔ ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande