
حیدرآباد، 18 مارچ (ہ س)۔ تلنگانہ حکومت نے میٹرو ریل پروجیکٹ کو ایل اینڈ ٹی کمپنی سے حاصل کرنے کی کارروائی کو تیز کردیا ہے۔ رواں ماہ کے اختتام تک حکومت کو میٹرو ریل پروجیکٹ اپنے حصول میں لینا ہوگا۔ میٹرو ریل کے دیگر مراحل کے لئے مرکز سے فنڈس کے حصول میں یہ اہم رکاوٹ ہے۔ مرکزی حکومت نے پروجیکٹ تحویل میں لینے کا عمل تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت دی، جس کے بعد ہی میٹرو فیز II میں مرکز اپنی حصہ داری کا جائزہ لے گا۔ ایک طرف حکومت تو دوسری طرف ایل اینڈ ٹی کے حکام پروجیکٹ کی منتقلی کی کارروائی میں مصروف ہیں۔ یکم اپریل سے میٹرو ریل پروجیکٹ حکومت کی راست نگرانی میں رہے گا۔ پروجیکٹ کے پہلے مرحلہ میں ایل اینڈ ٹی نے بی بی نگر تا میاں پور، جے بی ایس سے مہاتما گاندھی بس اسٹیشن اور ناگول تا رائے درگ راہداری کے کام 69.2 کیلو میٹر کی تکمیل کی تھی۔ پروجیکٹ کی منتقلی کے مرحلہ میں ایل اینڈ ٹی نے مختلف بینکوں سے 13 ہزار کروڑ کا جو قرض حاصل کیا ہے وہ حکومت کو منتقل ہوجائے گا۔ ایل اینڈ ٹی کو حکومت کی جانب سے 2 ہزار کروڑ ادا کئے جائیں گے۔ اثاثہ جات کی منتقلی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق