
جموں, 18 مارچ (ہ س): جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے علیحدگی پسند عناصر کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں لوگوں کو تقسیم کرنے یا ترقیاتی عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی کسی بھی کوشش سے سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی فرد یا گروہ جو جموں و کشمیر میں امن، قانون و نظم یا شہریوں کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش کرے گا، اسے بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔
تلواڑہ میں سبسڈیری پولیس ٹریننگ سینٹر میں کانسٹیبلز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہمیں ان علیحدگی پسند عناصر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا جو لوگوں کو تقسیم کرنے اور ترقی کو پٹری سے اتارنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ ان کے لیے سخت وارننگ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امن میں خلل ڈالنے، تجارتی سرگرمیوں کو متاثر کرنے یا تشدد بھڑکانے کی کسی بھی کوشش کا قانون کی پوری طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔ جموں و کشمیر پولیس امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے اور ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھے گی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے تربیت مکمل کرنے والے جموں و کشمیر پولیس کے جوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں یو ٹی کے تحفظ پر توجہ مرکوز رکھنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس نے دہشت گردی اور جرائم سے پاک معاشرہ قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور گڈ گورننس، جدت، سماجی ہم آہنگی اور انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس وردی پہننے والا ہر فرد عوامی اعتماد حاصل کرنے کا عہد کرتا ہے اور اسے دیانتداری، غیر جانبداری اور ہمدردی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دینی چاہئیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے زور دے کر کہا کہ جموں و کشمیر پولیس دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور مختلف اداروں کے ساتھ مل کر ایک جامع حکمت عملی پر کام جاری ہے، جس کے تحت جلد ہی خطے کو دہشت گردی سے پاک بنایا جائے گا۔
تقریب میں کل 430 زیرِ تربیت کانسٹیبلز نے اپنی بنیادی تربیت مکمل کرنے کے بعد پاسنگ آؤٹ کیا اور انہیں حلف دلایا گیا۔ اس موقع پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں میں جانی وکٹر (آل راؤنڈ بیسٹ)، وشال بھارت (سیکنڈ آل راؤنڈ بیسٹ)، یوگیش شرما (تھرڈ آل راؤنڈ بیسٹ)، پنکج رینا (انڈور بیسٹ)، توصیف احمد لون (آؤٹ ڈور بیسٹ)، طاہر رشید ڈار (بہترین نشانہ باز)، تسلیم کوثر (پریڈ کمانڈر) اور سشانت شرما (پریڈ سیکنڈ اِن کمانڈ) شامل ہیں۔
تقریب میں ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نلین پربھات سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر