
حیدرآباد، 18 مارچ (ہ س) ۔کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق رکن اسمبلی ٹی جیون ریڈی نے کانگریس سے استعفے کا واضح طور پر اشارہ دیتے ہوئے کہاکہ پارٹی سے علیحدگی اختیار کرنا یقینی ہوچکا ہے۔ جگتیال کے رکن اسمبلی ڈاکٹر سنجے کمار سے اختلافات کے سبب جیون ریڈی نے کانگریس چھوڑنے کی تیاری کرلی ہے اور وہ اپنے حامیوں کے ساتھ سرگرم مشاورت میں مصروف ہیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہاکہ حامیوں سے مشاورت کے بعد وہ فیصلہ کا اعلان کریں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ کسی دوسری پارٹی میں شمولیت سے متعلق ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ ذاتی فائدہ کے بجائے جگتیال کے عوام کی بھلائی کو پیش نظر رکھتے ہوئے کوئی فیصلہ کریں گے۔ حالیہ مجالس مقامی کے انتخابات میں جیون ریڈی کے حامیوں نے کانگریس کے باغی امیدواروں کے طور پر انتخابات میں حصہ لیا تھا، جیون ریڈی کی ناراض سرگرمیوں کے درمیان سیاسی حلقوں میں اُن کی بی آر ایس میں شمولیت کی قیاس آرائیاں زوروں پر ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بی آر ایس کے سرکردہ قائدین نے اُن سے ربط قائم کیا ہے اور جاریہ ماہ کے اواخر تک باقاعدہ شمولیت کا فیصلہ ہوجائے گا۔ اِسی دوران رکن اسمبلی سنجے کمار نے جیون ریڈی کو پیشکش کیاکہ وہ حلقہ کی ترقی اور عوام کی بھلائی کے لئے ساتھ کام کرنے تیار ہیں۔ سنجے کمار کی پیشکش پر تبصرہ کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہاکہ سنجے کو پہلے یہ طے کرنا چاہئے کہ وہ کس پارٹی میں ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ساتھ کام کرنے کی پیشکش کرنے والے سنجے کمار کون ہوتے ہیں۔جیون ریڈی تقریباً 40 سال سے کانگریس پارٹی سے وابستہ ہیں اور ایک مرحلہ پر اُنھیں صدر پردیش کانگریس کے عہدہ کی پیشکش کی گئی تھی۔۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق