
احمد نگر ، 24 فروری (ہ س) احمد نگر ضلع میں کولگاؤں کے نزدیک مولی مندر کے پاس پیش آئے ہولناک سڑک حادثے میں ایک کار اور ٹرک کی زور دار ٹکر کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہو گئے جبکہ ایک لڑکا زخمی ہو گیا۔ یہ حادثہ منگل کی صبح اس وقت پیش آیا جب متاثرہ خاندان اپنے گاؤں لوٹ رہا تھا۔
پولیس کے مطابق پائگھن خاندان اکولہ ضلع کے پاتور تعلقہ کے مالٹور گاؤں کا رہنے والا ہے جو نجی کام سے پیر کو شری گوندا تعلقہ کے چمبھالے گیا تھا اور رات دیر گئے واپسی کے دوران ان کی کار سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔
بیل ونڈی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کار میں پھنسے چار افراد کی لاشیں نکالیں اور پوسٹ مارٹم کے لیے شری گوندا کے دیہی اسپتال منتقل کیا۔ حادثے میں زخمی گجانن پائگھن عمر 13 سال کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں اس کی حالت زیرِ نگرانی ہے۔
مرنے والوں میں نتن انیل کوکاٹے عمر 22 سال، گجانن جناردن پائگھن عمر 47 سال، درپا گجانن پائگھن عمر 36 سال اور ویبھو گجانن پائگھن عمر 19 سال شامل ہیں۔ پولیس نے حادثے کی مزید جانچ شروع کر دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے