
نئی دہلی، 22 فروری (ہ س)۔ اتوار کی صبح شمال مغربی ضلع کے مجلس پارک علاقے میں ایک عمارت کی اسٹیلٹ پارکنگ میں آگ لگ گئی۔ آگ بجھانے اور لوگوں کو بچانے کی کوشش کے دوران کھانا پکانے کا گیس سلنڈر پھٹ گیا، جس سے دہلی پولیس اور فائر ڈیپارٹمنٹ کے چھ اہلکاروں سمیت 14 افراد زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں سے شدید جھلسنے والوں کو صفدر جنگ اسپتال ریفر کیا گیا۔
ایڈیشنل پولیس کمشنر بھیشما سنگھ نے اتوار کو بتایا کہ گلی نمبر 6 میں واقع ایک عمارت کے گراو¿نڈ فلور پارکنگ میں صبح تقریباً 9 بجے آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ فائر بریگیڈ کی چھ گاڑیاں اور پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی۔ اندر پھنسے لوگوں کو پڑوسیوں کی مدد سے باہر نکالا جا رہا تھا کہ پارکنگ میں رکھے سلنڈروں میں سے ایک میں زور دار دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے بعد آگ تیزی سے دو منزلوں تک پھیل گئی۔ زخمیوں میں آدرش نگر تھانے کے اے ایس آئی سندیپ، کانسٹیبل راہل، پی سی آر اے ایس آئی پریمپال، اور تین فائر فائٹرز: وید پرکاش، سریش پہل، اور سیتارام شامل ہیں۔ چھ دیگر زخمیوں کو بابو جگجیون رام اسپتال اور دو کو میکس اسپتال لے جایا گیا۔ شدید زخمیوں کو بعد میں صفدر جنگ اسپتال منتقل کیا گیا۔فائربریگیڈ حکام کے مطابق صبح 10 بج کر 50 منٹ پر آگ پر قابو پالیا گیا، ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ پارکنگ میں پانی کی موٹر سے نکلنے والی چنگاری سے پلاسٹک کی اشیاءاور قریبی سلنڈر کو آگ لگ گئی۔ پولیس اور فائر ڈپارٹمنٹ آگ لگنے کی وجہ کی تفصیلی تحقیقات کر رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan