
مدھیہ پردیش میں پھر موسم کا مزاج بدلا، آدھی ریاست میں آندھی-بارش، کئی اضلاع میں اولے گرے
۔ ریاست میں 24-23 فروری کو پھر سے بارش کا الرٹ
بھوپال، 20 فروری (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے موسم میں تبدیلی جاری ہے۔ تقریباً آدھے حصے میں آندھی اور بارش کا دور دیکھنے کو ملا۔ اجین، مندسور سمیت کئی اضلاع میں ژالہ باری بھی درج کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ سے اگلے تین دنوں تک کوئی وارننگ نہیں ہے، لیکن 23 اور 24 فروری کو پھر سے بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، سائیکلونک سرکولیشن اور ویسٹرن ڈسٹربنس کے اثر سے مدھیہ پردیش کا موسم بدلا ہے۔ جس کی وجہ سے بدھ اور جمعرات کو بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ جمعرات کو ریاست کے اوپر ٹرف اور ویسٹرن ڈسٹربنس کی سرگرمی بنی رہی۔ شمال کی سمت سے آ رہی ٹھنڈی ہواوں نے گرمی کے اثر کو کم کر دیا، جس سے دن کے درجہ حرارت میں گراوٹ درج کی گئی۔
گزشتہ دو دنوں سے ریاست میں تیز آندھی، بارش اور اولے گرنے کے واقعات سامنے آئے۔ اجین ضلع کے گھٹیا، مہدپور، انھیل سمیت کئی دیہی علاقوں میں فصلوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ کھیتوں میں کھڑی فصلیں گرنے سے دانوں کو نقصان ہوا ہے۔ انتظامیہ نے نقصان کا تخمینہ لگانے کے لیے سروے شروع کر دیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 25 اضلاع کے تقریباً 80 شہروں اور قصبوں میں بارش درج کی گئی۔ ان میں دھار، شوپور، شیوپوری، اندور، آگر-مالوا، اجین، راج گڑھ، کھرگون، مرینا، سیہور، دتیا، گوالیار، بھوپال، گنا، رتلام، بڑوانی، مندسور، شاجاپور، دیواس، ودیشا، اشوک نگر، ٹیکم گڑھ، نواڑی اور چھترپور اضلاع شامل ہیں۔ شیوپور کے نالچھا میں سب سے زیادہ 1 انچ بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ شیوپور میں آندھی کی رفتار 63 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی۔ بھوپال اور سیہور سمیت کئی اضلاع میں تیز ہوائیں چلیں۔ فروری کی شروعات سے ہی ریاست میں دو بار آندھی، بارش اور ژالہ باری ہو چکی ہے۔
بارش اور سرد ہواوں کے سبب دن کے درجہ حرارت میں گراوٹ آئی ہے۔ جمعرات کو ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے لوگ پھر گرم کپڑوں میں نظر آئے۔ حالانکہ رات کے درجہ حرارت میں اضافہ دیکھا گیا۔ ریاست کے پانچ بڑے شہروں بھوپال، اندور، گوالیار، اجین اور جبل پور میں کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سیلسیس سے اوپر رہا۔ کھجوراہو اور کلیان پور میں ہی پارہ 10 ڈگری سے نیچے درج ہوا۔ اگلے دو دن کی پیشین گوئی کی بات کریں تو 21 فروری کو بارش کی کوئی وارننگ نہیں، دن میں دھوپ نکل سکتی ہے۔ 22 فروری کو بھی موسم صاف رہے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن