
جموں, 20 فروری (ہ س)۔
جموں و کشمیر حکومت نے جمعہ کو اسمبلی کو مطلع کیا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں رنگ روڈ منصوبوں کے لیے حاصل کی گئی اراضی کے معاوضے کی مد میں اب تک 1,684 کروڑ روپے سے زائد رقم جاری کی جا چکی ہے۔رکن اسمبلی دیویانی رانا کے سوال کے جواب میں محکمہ مال نے بتایا کہ جموں رنگ روڈ ضلع جموں اور سانبہ سے ہو کر گزرتی ہے، جبکہ کشمیر میں یہ منصوبہ سری نگر، بارہمولہ، پلوامہ، بڈگام، گاندربل اور بانڈی پورہ سمیت چھ اضلاع کا احاطہ کرتا ہے۔ حکومت نے واضح کیا کہ معاوضے کی رقم نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا اور یو ٹی حکومت کے درمیان 90:10 کے تناسب سے تقسیم کی گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جموں ڈویژن میں کل 322.21 کروڑ روپے کی طے شدہ رقم میں سے 270.11 کروڑ روپے جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ 52.10 کروڑ روپے ابھی زیر التوا ہیں۔ کشمیر ڈویژن میں مجموعی طور پر 1,784.49 کروڑ روپے میں سے 1,514.34 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں جبکہ 270.15 کروڑ روپے باقی ہیں۔
جواب میں کہا گیا کہ اب تک 1,450.94 کروڑ روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ 63.40 کروڑ روپے کی ادائیگی باقی ہے۔ حکومت کے مطابق کئی اراضی مالکان کے معاوضے کے معاملات ابھی بھی مختلف وجوہات کی بنا پر زیر التوا ہیں۔
جموں ڈویژن میں سانبہ کے 38 اور جموں کے 112 معاملات متعلقہ محکمے کی جانب سے بقایا رقم جمع نہ کرانے، عدالتی مقدمات اور دیگر اراضی تنازعات کے باعث زیر غور ہیں۔ ضلع جموں کے لیے 3.73 کروڑ روپے کی رقم لینڈ رقوم پورٹل پر اپ لوڈ کر دی گئی ہے۔کشمیر ڈویژن میں سری نگر کے 57، بارہمولہ کے 7، بڈگام کے 247، گاندربل کے 905 اور بانڈی پورہ کے 32 معاملات زیر التوا ہیں۔ حکومت نے بتایا کہ معاوضے میں تاخیر کی ایک بڑی وجہ عدالتی چارہ جوئی اور فریقین کے درمیان ملکیتی تنازعات ہیں۔مزید بتایا گیا کہ اراضی مالکان اور متعلقہ محکمے کے درمیان ملکیتی تنازعات کے سلسلے میں جموں و کشمیر ہائی کورٹ میں 28.20 کروڑ روپے جمع کرائے گئے ہیں۔ حکومت نے یقین دلایا کہ غیر متنازع معاملات میں معاوضہ لینڈ رقوم پورٹل کے ذریعے باقاعدگی سے ادا کیا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر