
لکھنؤ، 20 فروری (ہ س)۔ اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ نے جمعہ کے روزاسمبلی میں جاری بجٹ اجلاس 2026 کی کاروائی سے قبل اسمبلی کے کمرہ نمبر 77 میں سینئر عہدیداروں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی۔ اجلاس میں محکمہ ریونیو، محکمہ دیہی ترقی، محکمہ انصاف اور محکمہ داخلہ کی پیش رفت، مفاد عامہ کے امور اور آئندہ ایکشن پلان پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ حکومت کی ترجیح عوام کو فوری، شفاف اور بروقت خدمات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے تمام محکموں پر زور دیا کہ وہ آپس میں تال میل سے کام کریں تاکہ سرکاری اسکیموں کا فائدہ مو¿ثر طریقے سے آخری فرد تک پہنچ سکے۔ میٹنگ میں نائب وزیر اعلی نے محکمہ ریونیو کو ہدایت دی کہ وہ زمین کے تنازعات، نام کی منتقلی، وراثت اور آن لائن خدمات کے بروقت حل کو یقینی بنائیں۔
دیہی ترقی کے محکمے کو دیہی سڑک، رہائش، بیت الخلا، اور روزی روٹی اسکیموں کے معیار پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی۔ محکمہ انصاف کو زیر التوا مقدمات کو جلد نمٹانے کے لیے موثر پیروی اور رابطہ کاری کو بڑھانے کی ہدایت کی گئی۔ اس کے علاوہ، محکمہ داخلہ کو مضبوط امن و امان برقرار رکھنے، خواتین کی حفاظت کو یقینی بنانے اور حساس علاقوں کا باقاعدہ جائزہ لینے کی ہدایت دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اچھی حکمرانی حکومت کی پہچان ہے اور کسی بھی سطح پر غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے عہدیداروں سے توقع کی کہ وہ بجٹ اجلاس کے دوران موصول ہونے والی عوامی نمائندوں کی شکایات اور تجاویز پر فوری کارروائی کو یقینی بنائیں گے۔ اجلاس میں اعلیٰ انتظامی اور پولیس افسران موجود تھے۔ نائب وزیر اعلی نے تمام محکموں پر زور دیا کہ وہ نتائج پر مبنی نقطہ نظر اپنائیں اور مقررہ مدت کے اندر اہداف کو پورا کریں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد