
دھولیہ ، 20 فروری (ہ س)۔ مہاراشٹر کے دھولیہ ضلع کے شیرپور تعلقہ کے امبیہ گاؤں میں گزشتہ شب ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں 30 سالہ خاتون نے اپنے دو معصوم بچوں کو زہر دینے کے بعد خود بھی خودکشی کر لی۔اس المناک واقعے میں ماں بھارتی سنجے پوار (30) اور تین سالہ بیٹا چراغ سنجے پوار (3) کی موت ہو گئی، جبکہ پانچ سالہ ریانش سنجے پوار (5) کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی گئی ہے۔ اسے مزید علاج کے لیے ضلع اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔شیرپور تعلقہ پولیس کے مطابق سنجے سامَل پوار اپنی بیوی اور دو بچوں کے ساتھ امبیہ گاؤں میں مقیم تھے۔ وہ جمعرات کی دیر رات جب کام سے واپس گھر پہنچے تو انہوں نے اپنی اہلیہ اور دونوں بچوں کو بے ہوش حالت میں پایا۔ گھر میں زہر کی تیز بو محسوس ہونے پر وہ فوراً انہیں نزدیکی اسپتال لے گئے۔ڈاکٹروں نے بھارتی اور چراغ کو مردہ قرار دے دیا، جبکہ ابتدائی طبی امداد کے بعد ریانش کو ضلع اسپتال بھیج دیا گیا۔ پولیس کے ایک افسر نے جمعہ کو بتایا کہ معاملے کی تفتیش جاری ہے اور خودکشی کی وجہ فی الحال واضح نہیں ہو سکی ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے