راجستھان میں بارش اورژالہ باری کے بعد کھلا آسمان، کئی اضلاع میں گھنی دھند
جے پور، 19 فروری (ہ س)۔ ریاست میں دو دن کی بارش اور ژالہ باری کے بعد جمعرات کو موسم صاف ہوگیا۔ تاہم صبح کے وقت کئی اضلاع میں گھنی دھند چھائی رہی۔ کوٹ پتلی -بہروڑ، اجمیر اور کوٹا سمیت کئی علاقوں میں حد نگاہ تقریباً 50 میٹر تک کم ہو گئی۔ کوٹ پتلی -بہ
dense-fog-many-districts


جے پور، 19 فروری (ہ س)۔ ریاست میں دو دن کی بارش اور ژالہ باری کے بعد جمعرات کو موسم صاف ہوگیا۔ تاہم صبح کے وقت کئی اضلاع میں گھنی دھند چھائی رہی۔ کوٹ پتلی -بہروڑ، اجمیر اور کوٹا سمیت کئی علاقوں میں حد نگاہ تقریباً 50 میٹر تک کم ہو گئی۔ کوٹ پتلی -بہروڑ کے دیہی علاقوں میں صبح کے وقت کھیتوں میں دھند چھائی رہی ۔

بدھ کی بارش کے بعد جمعرات کی صبح بھی دھند برقرار رہی۔ قومی شاہراہ 48 اور ریاستی شاہراہ پر کچھ جگہوں پر حد نگاہ 10 میٹر تک رہی ۔ ڈرائیوروں کو فوگ لائٹس آن کرکے آہستہ گاڑی چلانا پڑی۔ پھالگن کے مہینے میں اس قسم کی دھند ماہرین موسمیات کو بھی حیران کر رہی ہے۔

ویسٹرن ڈسٹربنس کی وجہ سے بدھ کے روز کئی اضلاع میں ژالہ باری ہوئی جس کی وجہ سے دن کے درجہ حرارت میں 10 سے 12 ڈگری سیلسیس کی کمی واقع ہوئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جے پور، سیکر، جھنجھنو، چورو، الور، بھرت پور، دھول پور، کرولی، دوسہ، سوائی مادھوپور، بوندی، باراں، جھالاواڑ، بھیلواڑہ، ٹونک اور چتوڑ گڑھ سمیت کئی اضلاع میں بارش ہوئی۔

جب کہ شمال مشرقی اور جنوب مشرقی اضلاع میں سردی برقرار رہی ،وہیں مغربی حصوں میں دھوپ کی وجہ سے ہلکی گرمی محسوس کی گئی ۔ باڑمیر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، اس کے بعد جالور میں 31.7، چورو میں 31.3، جودھپور میں 30.2، پھلودی میں 32.4 اور پالی کے جوائی علاقے میں 31 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔

موسمیاتی مرکز، جے پور کے مطابق، ویسٹرن ڈسٹربنس کا اثر اب ختم ہو چکا ہے۔ ریاست کے بیشتر حصوں میں موسم صاف رہے گا، دن کے وقت تیز دھوپ رہے گی اور درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوگا۔ مشرقی راجستھان کے بھرت پور ڈویژن میں جزوی طور پر ابر آلود آسمان دکھائی دے سکتا ہے، لیکن اس وقت بارش کا کوئی الرٹ جاری نہیں کیا گیا ہے۔

راحت کی خبر یہ ہے کہ آئندہ پانچ روز تک موسم معمول کے مطابق اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande