
شعبہ الیکٹرانکس انجینئرنگ میں آئی ای ای ای امپیکٹ کانفرنس کا انعقاد
علی گڑھ، 19 فروری (ہ س)۔ ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے شعبہ الیکٹرانکس انجینئرنگ کے زیر اہتمام ”انٹرنیشنل کانفرنس آن ملٹی میڈیا، سگنل پروسیسنگ اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز (آئی ای ای ای امپیکٹ2026)”کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک اور بیرون ملک سے کثیر تعداد میں ماہرین و محققین نے شرکت کی۔
کالج آڈیٹوریم میں منعقدہ افتتاحی اجلاس میں سابق وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز، پرو وائس چانسلر پروفیسر ایم محسن خان، پروفیسر آر کے ملک، پروفیسر نثار احمد، پروفیسر محمد مزمل، پروفیسر طاہرہ پروین، پروفیسر انور سادات، پروفیسر ایم حسن، پروفیسر ایم ریحان اور سینئر اساتذہ شریک ہوئے۔
اپنے صدارتی خطاب میں پروفیسر محمد گلریز نے کانفرنس چیئر پروفیسر انور سادات کی قیادت میں منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ 570 سے زائد تحقیقی مقالوں کی آمد اس کانفرنس کی علمی اہمیت اور وسیع رسائی کی عکاس ہے۔
پروفیسر ایم محسن خان نے بھی منتظمہ کمیٹی کی کوششوں کی تعریف کی، جبکہ پروفیسر آر کے ملک نے انفارمیشن ٹکنالوجی کے ابھرتے رجحانات اور حالیہ پیش رفت پر روشنی ڈالی۔ پروفیسر طاہرہ پروین نے استقبالیہ خطاب پیش کیا۔ پروفیسر انور سادات نے یونیورسٹی انتظامیہ کے ادارہ جاتی تعاون پر اظہارِ تشکر کیا، انوسندھان نیشنل ریسرچ فاؤنڈیشن کی مالی معاونت کا اعتراف کیا اور آئی ای ای ای اتر پردیش سیکشن کی جانب سے فراہم کردہ تکنیکی سرپرستی پر بھی شکریہ ادا کیا۔ دو روزہ اس کانفرنس نے محققین اور ماہرین کو ملٹی میڈیا سسٹمز، سگنل پروسیسنگ اور کمیونیکیشن ٹکنالوجیز میں جدید پیش رفت اور معاصر رجحانات پر تبادلہ خیال کا موقع فراہم کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ