
بلیا، 19 فروری (ہ س)۔ اتر پردیش کے بلیا میں جمعرات کی صبح ایک گھر سے دو لوگوں کی لاشیں ملنے سے سنسنی پھیل گئی۔ پولیس کو شبہ ہے کہ نوجوان نے پہلے ایک خواجہ سرا کو قتل کیا اور پھر خودکشی کر لی۔ پولیس اب اس معاملے کی تمام پہلوو¿ں سے تفتیش کر رہی ہے۔
جمعرات کی صبح بیریا تھانے کی پولیس کو اطلاع ملی کہ رانی گنج کے رہنے والے 28 سالہ روی گپتا ولد وجے گپتا نے اپنے گھر میں خودکشی کر لی ہے۔ اس کے بعد مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ گھر کی تلاشی کے دوران رانی گنج قصبہ میں کرائے پر رہنے والی 62 سالہ ریکھا کنر کی خون میں لت پت لاش اوپری منزل سے ملی۔ قابل ذکر ہے کہ رانی گنج کے کنروں نے ریکھا کنر کی گمشدگی کی رپورٹ بیریا پولیس اسٹیشن میں درج کرائی تھی۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ اوم ویر سنگھ نے بتایا کہ لاپتہ خواجہ سرا کی تلاش 17 فروری سے جاری تھی، جب آج صبح بیریا انسپکٹر کو اطلاع ملی کہ وجے گپتا کے بیٹے روی گپتا نے خودکشی کر لی ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر پورے گھر کی تلاشی لی تو تین منزلہ مکان کی چھت سے ریکھا خواجہ سرا کی لاش پولی تھین میں لپٹی ہوئی ملی۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ریکھا خواجہ سرا کو آخری بار وجے گپتا کے گھر جاتے ہوئے دیکھا گیا تھا، تاہم اس کے گھر سے باہر جانے کی کوئی ویڈیو نہیں ہے۔ ریکھا کے ساتھی خواجہ سراو¿ں نے وجے گپتا، خودکشی کرنے والے اس کے بیٹے روی اور اس کی بہو سمیت خاندان کے دیگر افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرایا ہے۔ پولیس باریک بینی سے تفتیش کر رہی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی