
حیدرآباد, 19 فروری (ہ س)۔حکومت تلنگانہ نے ریاست کی تمام بلدیات اورکارپوریشنس کے نومنتخب میئرس،ڈپٹی میئرس، صدورنشین اور نائب صدورنشین کےلئے مارچ کے مہینے میں ایک جامع تربیتی پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے اس سلسلہ میں متعلقہ حکام کو پہلے ہی ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں جس کا بنیادی مقصد منتخب نمائندوں کو ان کے آئینی فرائض، اختیارات اور عوامی فنڈس کے شفاف وموثراستعمال سے واقف کروانا ہے۔اس پروگرام کے ذریعہ نمائندوں کوریاست اور مرکز کی جانب سے جاری مختلف فلاحی اسکیموں کی باریکیوں اور بلدیاتی نظم ونسق کوبہتربنانے کے طریقوں کے بارے میں مکمل بیداری فراہم کی جائے گی۔ اس اہم تربیت کا نصاب نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اربن مینجمنٹ کے ماہرین کی زیرنگرانی تیار کیا جا رہا ہےتاکہ جدید شہری چیلنجس سے نمٹنے نمائندوں کو تیار کیا جا سکے۔ محکمہ بلدی نظم ونسق کی جانب سے یہ پروگرام مارچ کے پہلے ہفتہ میں منعقد کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں تاہم حتمی تاریخوں کا اعلان وزیر اعلیٰ کی دستیابی کے بعد کیا جائے گا۔اس تربیتی سیشن کی ایک خاص بات یہ ہوگی کہ تمام شرکاء کو فیوچر سٹی کا دورہ بھی کرایا جائے گا تاکہ وہ مستقبل کے جدید شہری منصوبوں کاعملی مشاہدہ کرسکیں۔قبل ازیں حکومت کی جانب سے اس سے قبل میونسپل کمشنروں اور گرام پنچایت کے نمائندوں کے لئے بھی اسی طرح کے تربیتی سیشن منعقد کئے جاچکے ہیں تاکہ نچلی سطح پرحکمرانی کے معیارکومزیدمستحکم بنایا جا سکے۔۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق