
علی گڑھ, 19 فروری (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے شعبہ اینستھیسیالوجی و کریٹیکل کیئر کے پروفیسر قاضی احسان علی کو یونیورسٹی کی میڈیکل اٹینڈنس اسکیم (ایم اے ایس) کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی مدت کار دو سال ہوگی۔ پروفیسر قاضی احسان علی شعبہ اینستھیسیالوجی و کریٹیکل کیئر میں 2012 سے بطور پروفیسر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہیں تدریس کا تین دہائیوں سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔ وہ اس وقت اے ایم یو کے پیرا میڈیکل کالج کے پرنسپل کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
رائل کالج آف فزیشنز، ایڈنبرا (برطانیہ) کے فیلو (ایف آر سی پی) پروفیسر علی کو متعدد اعزازات سے نوازا جا چکا ہے، جن میں آئی ایس اے یو پی اسٹیٹ اوریشن ایوارڈ (2024) اور ایس رادھا کرشنن ڈسٹنگوئشڈ پروفیسر اینڈ ریسرچر ایوارڈ (2023) شامل ہیں۔ ان کے 69 تحقیقی مقالے قومی و بین الاقوامی جرائد میں شائع ہو چکے ہیں اور وہ مختلف علمی فورمز پر 70 سے زائد مدعو خطبات دے چکے ہیں۔ انہوں نے متعدد پوسٹ گریجویٹ تحقیقی مقالات کی نگرانی کی ہے اور مہارت کی ترقی و تربیت سے متعلق پروگراموں میں فعال کردار ادا کیا ہے، جن میں نیشنل ہیلتھ مشن کے تحت لائف سیونگ اینستھیزیا اسکل (ایل ایس اے ایس) پروگرام میں کوآرڈینیٹر اور نوڈل آفیسر کی حیثیت سے خدمات شامل ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ