
علی گڑھ, 19 فروری (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ انگریزی کے پروفیسر محمد رضوان خان کو یونیورسٹی کے کلچرل ایجوکیشن سینٹر (سی ای سی) کا کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی مدت کار دو سال ہوگی۔ تین دہائیوں سے زائد کاتدریسی و تحقیقی تجربہ رکھنے والے پروفیسر خان سال 2006 سے شعبہ انگریزی میں بطور پروفیسر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کے تخصص کے شعبوں میں نصاب سازی، ترجمہ نگاری، ادبی تنقید، اساتذہ کی تربیت، فلم اور ثقافتی مطالعات شامل ہیں۔
وہ یونیورسٹی میں متعدد اہم انتظامی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں، جن میں چیئرمین شعبہ انگریزی، ڈائریکٹر انٹرنل کوالٹی ایشورنس سیل (آئی کیو اے سی)، کنوینر، نیک (این اے اے سی) اسیسمنٹ و ایکریڈیٹیشن کمیٹی، اور سینٹر فار ڈسٹنس ایجوکیشن کے ڈائریکٹر کے عہدے شامل ہیں۔ انہوں نے ترجمہ مطالعات کے تحت یو جی سی–ایس اے پی (ڈی آر ایس فیز ٹو) منصوبوں کی بھی نگرانی کی ہے اور تعلیمی منصوبہ بندی، معیار بندی اور ادارہ جاتی درجہ بندی سے متعلق سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کیا ہے۔
پروفیسر محمد رضوان خان اٹلی میں وزٹنگ فیکلٹی کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں اور اٹلی، عمان، انگلینڈ اور سعودی عرب سمیت مختلف ممالک میں بین الاقوامی علمی پروگراموں اور فیلوشپ میں شرکت کر چکے ہیں۔ انہوں نے معروف تعلیمی اداروں، بشمول کیمبرج یونیورسٹی پریس سے شائع ہونے والی متعدد کتابوں کی تصنیف و ادارت کی ہے اور دو درجن سے زائد پی ایچ ڈی مقالات کی نگرانی کی ہے۔ وہ نیک اسیسر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں اور قومی و بین الاقوامی علمی فورمز پر کلیدی مقرر اور ریسورس پرسن کی حیثیت سے مدعو کیے جاتے رہے ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ