
مدھیہ پردیش میں موسم بدلا، بھوپال-اجین سمیت 20 اضلاع میں بارش سے فصلوں کو نقصان پہنچا
بھوپال، 19 فروری (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں ایک بار پھر موسم نے کروٹ لے لی ہے۔ نئے سسٹم کے سرگرم ہونے سے فروری مہینے میں تیسری بار بارش اور ژالہ باری کا دور شروع ہو گیا ہے۔ گزشتہ 12 گھنٹوں میں بھوپال، اندور، گوالیار اور اجین سمیت 20 سے زیادہ اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش درج کی گئی، جس سے ٹھنڈ کا اثر پھر بڑھ گیا ہے۔
جمعرات کی صبح راجدھانی بھوپال میں اچانک بادل چھا گئے اور تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک رک رک کر کبھی ہلکی تو کبھی تیز بارش ہوتی رہی۔ ٹھنڈی ہواوں کے سبب دن کے درجہ حرارت میں گراوٹ کے آثار ہیں۔ بے موسم بارش اور تیز آندھی سے کئی اضلاع میں کھیتوں میں کھڑی فصلیں گر گئی ہیں۔ اس سے دانوں کے معیار اور پیداوار کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ کچھ علاقوں میں ژالہ باری سے بھی نقصان کی خبریں سامنے آئی ہیں، جس سے کسانوں کی تشویش بڑھ گئی ہے۔ ریاست میں کھجوراہو سب سے ٹھنڈا رہا، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 9.2 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ راج گڑھ میں 10.0 ڈگری اور پچمڑھی میں 10.2 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ ہوا، جس سے سردی بڑھ گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، بھوپال، دتیا، گنا، گوالیار، اندور، رتلام، شوپور، اجین، دھار، ودیشا، بڑوانی، آگر-مالوا، شاجاپور، مرینا، چھترپور، شیوپوری، سیہور اور مندسور سمیت کئی اضلاع میں بارش درج کی گئی۔ پیشین گوئی ہے کہ 20 فروری کو گوالیار، چمبل اور ساگر ڈویژن کے 8 اضلاع میں بارش اور بجلی گرنے کا امکان ہے۔ جبکہ 21 فروری کو موسم صاف رہنے کا اندازہ ہے۔
اندور میں بدھ کو ہلکی بارش کے بعد جمعرات کی صبح ٹھنڈ بڑھ گئی ہے۔ رتلام میں بھی دو دن سے بدلے موسم کے درمیان بدھ کی رات بوندا باندی ہوئی۔ دھار میں دیر رات تیز ہوا اور بارش سے دیہی علاقوں میں فصلیں متاثر ہوئیں۔ شجاعلپور میں بدھ کی رات سے رک رک کر بارش، صبح تک ہلکی پھواریں جاری رہیں۔ گنج باسودا میں صبح 5 بجے سے چار گھنٹے تک رم جھم بارش ہوئی۔ گوالیار میں بارش کے بعد دن اور رات کے درجہ حرارت میں گراوٹ آئی ہے۔
وہیں، آگر مالوا میں بدھ کی رات آدھے گھنٹے تک بارش ہوئی۔ مرینا میں رات کی بارش سے سردی دوبارہ لوٹ آئی۔ بھنڈ (عالم پور) میں دیر رات ہلکی بارش سے موسم سہانا ہو گیا ہے۔ شیوپوری میں رک رک کر بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہوا اور آمد و رفت متاثر ہوئی۔ سیہور میں رات 10 بجے سے کبھی تیز تو کبھی ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ فی الحال ریاست میں موسم کا مزاج بدلا ہوا ہے اور ٹھنڈی ہواوں کے چلنے سے لوگوں کو دوبارہ سردی کا احساس ہو رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن