ایم بی اے ہاسپٹل ایڈمنسٹریشن کے طلبہ نے سر گنگا رام اسپتال کا تعلیمی دورہ کیا
علی گڑھ, 19 فروری (ہ س)۔ فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ، علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن نے ایم بی اے (ہاسپٹل ایڈمنسٹریشن) کے طلبہ کے لیے نئی دہلی کے سر گنگا رام اسپتال کا ایک تعلیمی دورہ کا اہتمام کیا، جس کا مقصد طلبہ کو اسپتال
ایم بی اے کے طلبا


علی گڑھ, 19 فروری (ہ س)۔ فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ، علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن نے ایم بی اے (ہاسپٹل ایڈمنسٹریشن) کے طلبہ کے لیے نئی دہلی کے سر گنگا رام اسپتال کا ایک تعلیمی دورہ کا اہتمام کیا، جس کا مقصد طلبہ کو اسپتال مینجمنٹ کے نظام اور صحت خدمات کے عملی آپریشنز کا براہِ راست عملی تجربہ فراہم کرنا تھا۔

دورے کے دوران طلبہ کا استقبال ڈاکٹر پری نیتی کور اور ڈاکٹر ہمانشو نے کیا۔ انہوں نے ایک تعارفی سیشن منعقد کیا، جس کے بعد طلبہ کو اسپتال کا دورہ کرایا گیا۔ طلبہ نے ملٹی اسپیشلٹی اسپتال کے تنظیمی ڈھانچے کا مشاہدہ کیا اور یہ جانا کہ مختلف شعبے باہمی تعاون کے ذریعے کس طرح مریضوں پر مرکوز مؤثر خدمات فراہم کرتے ہیں۔ انہیں جدید ہاسپٹل انفارمیشن سسٹمز اور ڈیجیٹل ریکارڈ مینجمنٹ کے طریقہ کار سے بھی روشناس کرایا گیا، جس سے درستگی، کارکردگی اور مربوط مریض ڈیٹا نظام کو برقرار رکھنے میں ٹکنالوجی کے اہم کردار کو اجاگر کیا گیا۔

طلبہ کوپیشنٹ فلو مینجمنٹ، او پی ڈی اور آئی پی ڈی کے باہمی ربط سے بھی آگاہ کیا گیا۔ معیار کی یقین دہانی اور نیشنل ایکریڈیٹیشن بورڈ فار ہاسپٹلز اینڈ ہیلتھ کیئر پرووائیڈرز کے معیارات پر گفتگو نے صحت کی خدمات میں اعلیٰ معیار اور مریضوں کی حفاظت کی اہمیت کو مزید واضح کیا۔ شعبہ کی چیئرپرسن پروفیسر سلمیٰ احمد نے طلبہ کو مبارکباد پیش کی۔ پروگرام کے رابطہ کار اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر طارق عزیز اور ڈاکٹر لمے بن صابر تھے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande