
سرچ انجن رینکنگ کے ذریعہ دھوکہ دہی کے بڑھتے واقعات، پولیس کمشنر کی محتاط رہنے کی ہدایت
حیدرآباد، 19 فروری (ہ س)۔ حیدرآباد کے پولیس کمشنر وی سی سجنار نے سرچ انجن رینکنگ کے ذریعہ کئے جانے والے آن لائن دھوکہ دہی کے بڑھتے ہوئے واقعات پرشہریوں کوسخت انتباہ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ سرچ رزلٹس میں سب سے اوپر نظرآنے والی یا اسپانسرڈ ویب سائٹس کا لازمی طور پرقابلِ بھروسہ ہونا ضروری نہیں ہے۔ کمشنر پولیس کے مطابق سائبرمجرم اب پیڈایڈورٹائزمنٹ اورایڈوانسڈ ایس ای او تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے فرضی ویب سائٹس کو ٹاپ رینکنگ میں لارہے ہیں جو اکثر سرکاری پورٹلس، بینکوں یا سرکردہ برانڈس کی ہوبہو نقل ہوتی ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ یہ دھوکہ دہی عام طورپراس وقت شروع ہوتی ہے جب صارف گوگل یا دیگر سرچ انجن پر کسٹمر کیئر نمبر، ادائیگی کی خدمات یا آفیشل ویب سائٹس تلاش کرتے ہیں اور ان کی مماثلت کی وجہ سے دھوکہ کھا کران پرکلک کر دیتے ہیں۔ ایک بار ان جعلی صفحات پر پہنچنے کے بعد متاثرین سے ذاتی معلومات،لاگ ان کی تفصیلات یا ادائیگیاں طلب کی جاتی ہیں جس کے نتیجہ میں مالی نقصان اور شناخت کی چوری جیسے سنگین مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
سجنارنے شہریوں کومشورہ دیا کہ وہ کسی بھی ویب سائٹ پرمالی تفصیلات درج کرنے سے پہلے یوآرایل کی اچھی طرح جانچ کریں اورسرچ رینکنگ پربھروسہ کرنے کے بجائے براہ راست درست ویب ایڈریس ٹائپ کرکے آفیشل ویب سائٹس تک رسائی حاصل کریں۔انہوں نے مزیدکہا کہ کسی بھی قسم کے سائبر فراڈ کی صورت میں فوری طورپرنیشنل سائبر کرائم ہیلپ لائن نمبر 1930 پر اطلاع دیں تاکہ مزید نقصان سے بچا جاسکے کیونکہ بیداری اوراحتیاط ہی ان آن لائن گھپلوں کے خلاف سب سے موثر دفاع ہے۔۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق