اے سی بی نے محکمہ مال کے اہلکار کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا
جموں، 19 فروری (ہ س)۔ جموں و کشمیر انسدادِ بدعنوانی بیورو نے ضلع ریاسی میں آبائی زمین کی حد بندی کے بدلے دس ہزار روپے رشوت لینے کے الزام میں محکمہ مال کے ایک اہلکار کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ بیان کے مطابق ملزم کے خلاف انسدادِ بدعنوانی قانون کے
Bribe


جموں، 19 فروری (ہ س)۔ جموں و کشمیر انسدادِ بدعنوانی بیورو نے ضلع ریاسی میں آبائی زمین کی حد بندی کے بدلے دس ہزار روپے رشوت لینے کے الزام میں محکمہ مال کے ایک اہلکار کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

بیان کے مطابق ملزم کے خلاف انسدادِ بدعنوانی قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر نمبر 04/2026 تھانہ انسدادِ بدعنوانی ادھم پور میں درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئیں۔ گرفتار اہلکار محمد سلیم بانڈے بطور گرداور حلقہ جدہ تحصیل ارناس ضلع ریاسی تعینات تھا۔

حکام کے مطابق ملزم نے درخواست گزار سے اس کی آبائی زمین کی حد بندی کرنے کے بدلے رشوت طلب کی، حالانکہ یہ اس کی قانونی ذمہ داری تھی کہ وہ یہ کام بغیر کسی معاوضے کے انجام دیتا۔ شکایت کنندہ نے رشوت دینے سے انکار کرتے ہوئے قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ ادارے سے رجوع کیا۔

شکایت موصول ہونے کے بعد خفیہ تصدیق کی گئی جس میں رشوت طلب کرنے کی تصدیق ہوئی۔ بعد ازاں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو آزاد گواہوں کی موجودگی میں دس ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کر لیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر کے رشوت کی رقم برآمد کر لی گئی، جبکہ مجسٹریٹ کی موجودگی میں اس کی رہائش گاہ سلیان تالاب ادھم پور پر تلاشی بھی لی گئی۔

حکام کے مطابق ملزم کے خلاف اس سے قبل بھی اسی تھانے میں دو مقدمات درج ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande