
جودھ پور، 18 فروری (ہ س)۔
راجستھان کے جودھ پور میں ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ نمبر 5 کی عدالت نے 2015 کے ایک سڑک حادثہ کیس میں ملزم ڈرائیور حیدر خان کو شک کا فائدہ دیا ہے۔ پریزائیڈنگ آفیسر ریکھا چودھری نے فیصلہ سنایا۔
استغاثہ کے مطابق، شکایت کنندہ موہن رام نے 2015 میں ایک رپورٹ درج کرائی جس میں کہا گیا کہ اس کا بھتیجا، جو 12 ویں جماعت کا طالب علم اور اسکول والی بال ٹیم کا رکن ہے، صبح تقریباً 6:30 بجے دوسرے کھلاڑیوں کے ساتھ ایک ٹورنامنٹ کے لیے جا رہا تھا کہ ڈانگیا واس بائی پاس روڈ کے قریب گاڑی کو حادثہ پیش آیا۔ رپورٹ میں ڈرائیور حیدر خان پر تیز رفتاری اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے کا الزام لگایا گیا۔ حادثے میں کئی طلبائ زخمی ہوئے، ایک طالب علم کی علاج کے دوران موت ہو گئی۔ پولیس نے تفتیش کے بعد کیس میں چارج شیٹ داخل کر دی۔ استغاثہ نے 23 گواہان اور 45 دستاویزات عدالت میں پیش کیں۔
وکیل صفائی ظہیر عباس اور امید علی مہر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ حادثہ ڈرائیور کی غفلت سے نہیں بلکہ ٹائر پھٹنے سے پیش آیا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ میں لے جانے کی ذمہ داری اسکول انتظامیہ کی تھی اور یہ ہدایات تھیں کہ وہ روڈ بس سے سفر کریں لیکن کوچ نے انہیں پرائیویٹ گاڑیوں میں لے جایا۔ دفاع نے یہ بھی دلیل دی کہ حیدر کی طرف سے چلائی جانے والی گاڑی میں محدود تعداد میں طلباء سوار تھے۔ تفتیشی افسر سے جرح کے دوران تفتیشی عمل پر سوالات اٹھائے گئے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد استغاثہ کی جانب سے الزامات ثابت نہ ہونے پر ملزم حیدر خان کو بری کرنے کا حکم دیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ