وقت کا مؤثر استعمال اور ڈسپلن طلبہ کی ذہنی صحت کے لیے کلیدی اہمیت رکھتے ہیں
وقت کا مؤثر استعمال اور ڈسپلن طلبہ کی ذہنی صحت کے لیے کلیدی اہمیت رکھتے ہیں علی گڑھ, 18 فروری (ہ س)۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ منظم طرزِ زندگی نفسیاتی استحکام کے لیے نہایت ضروری ہے، علی گڑھ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نیرج کمار جادون نے کہا کہ وق
پروفیسر محمد نفیس


وقت کا مؤثر استعمال اور ڈسپلن طلبہ کی ذہنی صحت کے لیے کلیدی اہمیت رکھتے ہیں

علی گڑھ, 18 فروری (ہ س)۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ منظم طرزِ زندگی نفسیاتی استحکام کے لیے نہایت ضروری ہے، علی گڑھ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نیرج کمار جادون نے کہا کہ وقت کا مؤثر استعمال، منظم معمولاتِ زندگی اور مناسب نیند طلبہ کی ذہنی صحت کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہیں۔ وہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وقار الملک ہال کے زیر اہتمام یونیورسٹی پولی ٹیکنک (بوائز) کے آڈیٹوریم میں دماغی صحت پر مبنی پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیمی ذمہ داریوں اور ذاتی نگہداشت کے درمیان توازن قائم کریں۔ ان کے مطابق مستقل نظام الاوقات اور صحت مند عادات نہ صرف ذہنی دباؤ کو کم کرتی ہیں بلکہ توجہ، جذباتی استحکام اور کارکردگی میں بھی اضافہ کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نظم و ضبط پابندی نہیں بلکہ ذہنی دباؤ اور الجھن سے آزادی کا راستہ ہے۔

مہمانِ اعزازی پروفیسر محمد نفیس احمد انصاری، ڈائریکٹر، سینٹر فار ڈسٹنس اینڈ آن لائن ایجوکیشن نے اس اقدام کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ہمدردی پر مبنی مکالمہ اور ادارہ جاتی معاونت کے نظام ذہنی طور پر محفوظ تعلیمی ماحول کی تشکیل کے لیے نہایت اہم ہیں۔ استقبالیہ خطاب میں پرووسٹ پروفیسر نوشاد علی پی ایم نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے محفوظ اور ہمہ گیر ماحول فراہم کیے جائیں جہاں طلبہ ذہنی صحت سے متعلق مسائل پر کھل کر گفتگو کر سکیں اور اعتماد کے ساتھ رہنمائی حاصل کر سکیں۔

اس موقع پر مس فرح سروش، بانی و سی ای او، نیچرل لائف، پروفیسر دیوشری اکھوری (کلینیکل سائیکالوجی) اور ڈاکٹر جتیندر کمار، جے این میڈیکل کالج نے حاضرین سے گفتگو کرتے ہوئے جذباتی آگہی، نفسیاتی مضبوطی، ذہنی دباؤ کے بندوبست اور ذہنی صحت کی دیکھ بھال کے سائنسی طریقوں پر اپنی آرا پیش کیں۔ اس سیشن کے لئے 500 سے زائد طلبہ نے رجسٹریشن کرایا تھا۔ طلبہ نے پروگرام کے دوران سوالات بھی کئے اور اپنے ذاتی خیالات کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر فیضان احمد، جنرل وارڈن نے کلماتِ تشکر ادا کیے۔ پروگرام کے کوآرڈنیٹر ڈاکٹر عبدالعزیز این پی اور مسٹر منظور احمد تھے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande