
سپول، 18 فروری (ہ س)۔ ضلع کے راگھوپور تھانہ علاقہ کے تحت دولت پور پنچایت کے بھگتا ٹولہ وارڈ نمبر 11 میں منگل کی دیر رات زبردست آگ لگ گئی۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ سات مکانات مکمل طور پر راکھ ہو گئے۔ نقصان کا تخمینہ 10 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
متاثرین شیام سندر سنگھ، پرکاش سنگھ، للو سنگھ، نیرج سنگھ، اور راج کمار سنگھ نے بتایا کہ رات کو سبھی اپنے گھروں میں سو رہے تھے۔ اچانک آگ کے شعلے بلند ہوئے جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ شور سن کر قریبی گاؤں والے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور بچوں اوردیگر کو بچایا۔
گاؤں والوں نے بالٹیوں اور دیگر برتنوں سے پانی ڈال کر آگ بجھانے کی بھرپور کوشش کی اور کافی کوشش کے بعد بستی کے دیگر گھروں کو آگ کی لپیٹ میں آنے سے بچا لیا۔ تاہم، گاؤں والوں کا الزام ہے کہ اطلاع ملنے کے باوجود چھوٹا فائر انجن تقریباً ایک گھنٹہ تاخیر سے پہنچا اور تب تک کافی نقصان ہو چکا تھا۔
آگ کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ کھانے پینے کی اشیاء، کپڑے، فرنیچر، برتن، اہم دستاویزات سمیت تمام گھریلو سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ متاثرہ خاندانوں کے پاس کپڑوں کے علاوہ کچھ نہیں بچا۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ راگھوپور زونل آفیسر رشمی پریا نے بتایا کہ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے اور جلد ہی متاثرہ خاندانوں کو سرکاری امداد فراہم کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد