
پروفیسر آسیہ سلطانہ نے ممبئی میں قومی یونانی کانفرنس میں شواہد پر مبنی تحقیق پیش کی
علی گڑھ, 18 فروری (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ علاج بالتدبیر کے اساتذہ نے حکیم اجمل خاں کی یومِ پیدائش کی مناسبت سے ممبئی کے یشونت راؤ چوہان سینٹر میں سنٹرل کونسل فار ریسرچ اِن یونانی میڈیسن (سی سی آر یو ایم) کے زیر اہتمام منعقدہ قومی کانفرنس میں اپنی تحقیق پیش کیں۔
شعبہ علاج بالتدبیر کی چیئرپرسن پروفیسر آسیہ سلطانہ نے ”میٹابولک سگنلنگ اور گلوکوز ماڈیولیشن میں غذائی مداخلتوں کا تجزیہ“ عنوان پر لیکچر پیش کیا۔ انہوں نے کلینیکل مطالعات سے حاصل شدہ شواہد کی روشنی میں غذائی مداخلتوں کے انسولین حساسیت میں بہتری، میٹابولک سگنلنگ کے نظام کو منظم کرنے اور گلوکوز کے توازن کو برقرار رکھنے میں ان کے کردار کو واضح کیا۔ انہوں نے یونانی غذائی اصولوں کو جدید سائنسی جائزہ اور میٹا اینالیسس کے طریقہ کار کے ساتھ مربوط کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی تناظر میں مستند اعداد و شمار کی تیاری کے لیے منظم اور سائنسی تحقیقی پروٹوکول ناگزیر ہیں۔
اسی شعبے کے پروفیسر محمد انور نے ”ریمیٹولوجیکل عوارض میں ریجی مینٹل تھیریپی کا شواہد کی روشنی میں تجزیہ“ عنوان پر خطاب کیا۔ انہوں نے رمیٹولوجیکل امراض میں علاج بالتدبیر سے متعلق کلینیکل شواہد کا تنقیدی جائزہ پیش کرتے ہوئے معیاری علاجی پروٹوکول، مضبوط کلینیکل آزمائشوں اور واضح پیمانوں کی ضرورت پر زور دیا تاکہ سائنسی اعتبار کو مضبوط بنایا جا سکے اور مریضوں کی نگہداشت کو بہتر بنایا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ