
اسمبلی میں 4 لاکھ 38 ہزار 317 کروڑ روپے کا بجٹ پیش کیا گیا
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ریاست کے مالی سال 27-2026 کے بجٹ پر رد عمل دیا
بھوپال، 18 فروری (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ بدھ کو اسمبلی میں پیش کردہ سال 27-2026 کے لیے ریاست کا یہ بجٹ گیانی کے رہنما اصولوں پر تیار کیا گیا ہے۔ جس میں غریبوں کی بہبود، نوجوانوں کی مہارت کی ترقی اور روزگار پر مبنی تربیت، ان داتا (کسانوں) کی آمدنی میں اضافہ، خواتین کو بااختیار بنانا، بنیادی سہولیات کی ترقی اور ریاست میں صنعتی سرمایہ کاری کے لیے بہتر سہولیات فراہم کرنے کا عزم ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے علم پر مبنی ترقی کے عزم کے ساتھ مدھیہ پردیش مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔ غریب، نوجوان، ان داتا اور ناری شکتی (خواتین کی طاقت) کی بہبود کے گیان کے عزم میں ہماری حکومت نے اب انڈسٹری اور انفراسٹرکچر کے آئی کو بھی شامل کیا ہے۔ سال 27-2026 کے 4 لاکھ 38 ہزار 317 کروڑ روپے کے بجٹ میں ترقی کے لیے کافی رقم رکھی گئی ہے، یہ ترقی اور عوامی بہبود کے عزم کی تکمیل کا مظہر ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ یہ بجٹ ”سمردھ (خوش حال) مدھیہ پردیش، سمپن (خوشحال) مدھیہ پردیش، سکھد (پرسکون) مدھیہ پردیش، سنسکرتک (ثقافتی) مدھیہ پردیش“ کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے والا ہے۔ گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی ریاست کے عوام پر کوئی نیا ٹیکس بوجھ نہیں ڈالا گیا ہے۔ گڈ گورننس اور بہترین انتظام کے لیے مسلسل جدت (انوویشن) اور ترقی کے سبھی پیمانوں کو پورا کرتا یہ بجٹ دیگر ریاستوں کے لیے قابل تقلید ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ریاستی حکومت نے رولنگ بجٹ کو اپناتے ہوئے سالانہ بجٹ کو طویل مدتی نقطہ نظر سے جوڑا ہے۔ رولنگ بجٹ پیش کرنے والا غالباً مدھیہ پردیش، ملک کی پہلی ریاست ہے۔ اس بجٹ سے اگلے تین سال کی ترقی کا خاکہ کھینچا جائے گا اور یہ بجٹ ترقی کے لیے مسلسل کافی رقم فراہم کرانا یقینی بنائے گا۔ یہ بجٹ امرت کال 2047 کے لیے ترقی کا پیمانہ ثابت ہوگا۔ سال 27-2026 میں ریاست کی مجموعی گھریلو پیداوار 18 لاکھ 48 ہزار 274 کروڑ روپے متوقع ہے، جو سال 26-2025 کے اندازے میں 10.69 فیصد زیادہ ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ مدھیہ پردیش کی فی کس آمدنی میں سال 25-2024 کے مقابلے میں سال 26-2025 میں 9 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ سال 27-2026 میں پونجیگت (سرمایہ) خرچ ریاست کی مجموعی گھریلو پیداوار کا 4.80 فیصد متوقع ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ زرعی پیداوار اور پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے 28 ہزار 158 کروڑ روپے، ان پٹ کے انتظام کو مضبوط کرنے کے لیے 64 ہزار 995 کروڑ روپے، پیداوار کی بہتر قیمت دلانے کے لیے 8 ہزار 91 کروڑ روپے، حفاظتی چکر کے لیے 13 ہزار 769 کروڑ روپے سمیت زرعی بہبود کے لیے کل 1 لاکھ 15 ہزار 13 کروڑ روپے کا بجٹ مجوزہ ہے، جو کسان بہبود سال کے لیے کافی ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ریاست کی تاریخ میں پہلی بار انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ میں بجٹ تخمینہ 27-2026 کا پونجیگت خرچ 1 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ ریاستی حکومت نے انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کے مناسب التزامات کیے ہیں۔ ریاست کے قیام کے بعد پہلی بار اتنی بڑی رقم کا التزام کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ہمارا فوکس سب کی شمولیت والی ترقی، گڈ گورننس، ماحولیات، سیاحت اور ثقافتی احیاء پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مجرا-ٹولہ سڑک یوجنا کے لیے 21 ہزار 630 کروڑ کی منظوری کے بعد مالی سال 27-2026 کے لیے 800 کروڑ روپے کا التزام ہے۔ ریاست میں ”نقصان زدہ پلوں کی تعمیر نو یوجنا“ میں 4 ہزار 572 کروڑ کی منظوری کے بعد مالی سال 27-2026 کے لیے 900 کروڑ روپے کا التزام رکھا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ سنہستھ مہا پرو (عظیم تہوار) سے متعلق 13 ہزار 851 کروڑ کے کام منظور کیے گئے ہیں، جس کے تحت سال 27-2026 کے لیے 3 ہزار 60 کروڑ روپے کا التزام ہے۔ شہروں میں انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کے لیے ”دوارکا یوجنا“ میں آئندہ تین سالوں میں 5 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں آبادی والی زمین پر مالکانہ حق کی اسکیم ہے، جس میں اسٹامپ اور رجسٹریشن کی تمام فیس ریاستی حکومت برداشت کرے گی۔ یہ ملک میں اپنی طرح کی پہلی جدت ہے۔ اس کے لیے 3 ہزار 800 کروڑ روپے کا التزام کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ بچوں کو بہتر غذائیت ملے، اس کے لیے یشودا دودھ پردائے یوجنا (دودھ فراہمی اسکیم) کے لیے 700 کروڑ روپے کا التزام ہے۔ اس اسکیم کے تحت آئندہ پانچ سالوں میں 6 ہزار 600 کروڑ روپے کا خرچ آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ لاڈلی بہنا یوجنا کے لیے 23 ہزار 883 کروڑ روپے دیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ وکست بھارت-گارنٹی فار روزگار اینڈ آجیویکا مشن (دیہی) کے لیے 10 ہزار 428 کروڑ روپے کا التزام ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن