
سلیم خان وینٹی لیٹر پر، لیلاوتی اسپتال ممبئی میں داخل، حالت مستحکمممبئی، 18 فروری (ہ س)۔ بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے والد اور معروف اسکرین پلے رائٹر سلیم خان کو ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے، جہاں انہیں وینٹی لیٹر سپورٹ پر رکھا گیا ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق 90 سالہ سلیم خان کی حالت فی الحال مستحکم ہے لیکن ان پر آئی سی یو میں کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔رپورٹس کے مطابق ان کا بلڈ پریشر اچانک بڑھنے سے دماغ کے دائیں حصے میں اندرونی خون رساؤ (برین ہیمرج) ہوا۔ اسپتال کے ہیلتھ بلیٹن میں بتایا گیا کہ پلمونولوجسٹ ڈاکٹر جلیل پارکر کی نگرانی میں نیورولوجسٹ ڈاکٹر وِنَے چوہان، کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر اجیت مینن، نیورو سرجن ڈاکٹر نیتن ڈانگے اور ڈاکٹر بِنیت اہلووالیہ پر مشتمل ماہرین کی ٹیم علاج میں مصروف ہے۔ڈاکٹر جلیل پارکر نے میڈیا کو بتایا کہ سلیم خان کو منگل کی صبح ایمرجنسی میں لایا گیا۔ ابتدائی جانچ کے بعد آئی سی یو میں منتقل کیا گیا اور حفاظتی طور پر وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تاکہ تفصیلی ٹیسٹ اور پروسیجر کے دوران حالت بگڑنے نہ پائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ برین ہیمرج کم سے کم نوعیت کا ہے، سرجری کی ضرورت پیش نہیں آئی، بلکہ ڈی ایس اے نامی پروسیجر کیا گیا ہے اور اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو توقع ہے کہ انہیں اگلے دن وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا جائے گا۔اس دوران سلمان خان سمیت پورا خان خاندان اسپتال میں موجود ہے۔ قریبی رشتہ دار اور دوست بھی عیادت کے لیے پہنچ رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔ خان خاندان کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ تحریری بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم اسپتال انتظامیہ نے یقین دلایا ہے کہ مریض کی حالت کے بارے میں بقیاعدہ اپڈیٹ دی جاتی رہے گی اور افواہوں پر کان نہ دھرنے کی اپیل کی ہے۔ہندوستھان سماچار--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے