
علی گڑھ, 18 فروری (ہ س)
علی گڑھ، 18 فروری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ فلسفہ اور شعبہ سوشیالوجی کے درمیان ولنگڈن پویلین میں ایک دوستانہ کرکٹ میچ کھیلا گیا، جس میں دونوں شعبوں کے طلبہ اور اساتذہ نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے شعبہ سوشیالوجی نے 15 اوورز میں 170 رن اسکور کئے۔ جواب میں شعبہ فلسفہ کی ٹیم نے پراعتماد اور متوازن بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 171 رنز کا ہدف 14.1 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا اور چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
شعبہ فلسفہ کی ٹیم کی قیادت شاداب علی خان نے کی، جبکہ سوشیالوجی ٹیم کے کپتان کاشف تھے۔ شعبہ فلسفہ کے بی اے سالِ دوم کے طالب علم محمد ثقلین کو شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا، جن کی بہترین اننگز ٹیم کی کامیابی میں فیصلہ کن ثابت ہوئی۔
اس موقع پر شعب سوشیالوجی کے چیئرپرسن پروفیسر محمد اکرم اور شعبہ فلسفہ کے چیئرپرسن ڈاکٹر عامر ریاض موجود تھے۔ انہوں نے دونوں ٹیموں کو بہترین کارکردگی اور مثالی اسپورٹس مین اسپرٹ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کھیلوں کی سرگرمیاں ٹیم ورک، باہمی اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہیں۔ فاتح ٹیم کے کپتان شاداب علی خان کو جیت کی ٹرافی دونوں سربراہان شعبہ نے مشترکہ طور پر پیش کی۔
بعد ازاں شعبہ سوشیالوجی کے سیمینار ہال میں ایک اعزازی تقریب منعقد کی گئی، جس میں دونوں شعبوں کے سربراہان اور اساتذہ نے تمام کھلاڑیوں اور منتظمین کو اسناد اور تمغے پیش کیے
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ