
پولیس سب انسپکٹر کے خلاف بھارتیہ نیائے سہنتا 2023 کے تحت مقدمہ درججلگاؤں ، 18 فروری (ہ س)۔ شہر میں پولیس محکمہ کے زیر انتظام دکشتا پٹرول پمپ پر 1 کروڑ 33 لاکھ 752 روپے کی خطیر رقم کے مبینہ غبن کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس سلسلے میں مشتبہ 57 سالہ پولیس سب انسپکٹر والمیک مدھوکر واگھ کے خلاف ضلع پیٹھ پولیس تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق والمیک واگھ اس وقت مفرور ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔ یہ پٹرول پمپ پولیس محکمہ کے انسانی وسائل شعبے کی جانب سے بھاسکر مارکیٹ کے سامنے چلایا جاتا ہے، جہاں روزانہ کے مالی لین دین کی ذمہ داری بطور منیجر والمیک واگھ کے سپرد تھی۔الزام ہے کہ انہوں نے گزشتہ 2 سے 3 ماہ کے دوران بینک میں رقم جمع نہیں کی۔ ذمہ دار افسران نے انہیں متعدد مرتبہ ہدایت دی کہ پمپ پر موجود نقد رقم باقاعدگی سے بینک میں جمع کی جائے اور کیش بک و جمع رسیدوں کی کتاب پیش کی جائے، تاہم شکایت کے مطابق ہر بار انہوں نے بہانے بنا کر ریکارڈ دکھانے سے گریز کیا۔ابتدائی جانچ میں یہ بات واضح ہوئی کہ گزشتہ 2 سے 3 ماہ کے دوران بینک میں باقاعدہ رقم جمع نہیں کی گئی۔ شک پیدا ہونے پر اعلیٰ افسران نے تفصیلی جانچ کے احکامات صادر کیے۔محاسب ایس آر پلود نے 01 اپریل 2025 سے 09 فروری 2026 تک کے عرصے کا آڈٹ کیا۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق اس مدت میں مجموعی طور پر 4 کروڑ 93 لاکھ 73 ہزار 686 روپے کی پٹرول فروخت ہوئی، جس میں سے صرف 3 کروڑ 59 لاکھ 25 ہزار 18 روپے بینک میں جمع ہونے کا اندراج ملا، جب کہ بقیہ 1 کروڑ 33 لاکھ 752 روپے کے اپہار کی تصدیق ہوئی۔تفتیش کے دوران پمپ کی تجوری میں محض 1 لاکھ 96 ہزار 219 روپے پائے گئے۔ بینک جمع رسیدیں اور متعلقہ دستاویزات دستیاب نہ ہونے سے خرد برد کا شبہ مزید مضبوط ہو گیا۔ اس معاملے میں انچارج سندیپ پاٹل نے ضلع پیٹھ پولیس تھانے میں شکایت درج کرائی، جس کی بنیاد پر والمیک واگھ کے خلاف بھارتیہ نیائے سہنتا 2023 کی دفعہ 316(5) (لوک سیوک کے ذریعہ فوجداری اعتماد شکنی) اور دفعہ 318(4) (فریب دہی) کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔مزید تفتیش مقامی جرائم شاخ کے پولیس انسپکٹر راہل گائیکواڑ کر رہے ہیں۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے