
جموں, 18 فروری (ہ س)بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری اور محکمہ صحت عامہ انجینئرنگ راجوری کے درمیان دیہی علاقوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔یہ معاہدہ وائس چانسلر پروفیسر جاوید اقبال کی قیادت میں طے پایا۔ یونیورسٹی کی جانب سے رجسٹرار ابھشیک شرما جبکہ محکمہ صحت عامہ انجینئرنگ کی جانب سے ایگزیکٹو انجینئر سدیش کمار بھگت نے معاہدے پر دستخط کیے۔معاہدے کے تحت یونیورسٹی اپنے خرچ پر پانی کے ٹینکر فراہم کرے گی، جن کے ساتھ ڈرائیور اور عملہ بھی تعینات ہوگا، جبکہ ایندھن، مرمت اور عملے کے تمام اخراجات بھی یونیورسٹی برداشت کرے گی۔ محکمہ صحت عامہ انجینئرنگ تکنیکی رہنمائی فراہم کرے گا، مستفید ہونے والی بستیوں کی نشاندہی کرے گا اور فراہم کیے جانے والے پانی کے معیار کی باقاعدہ جانچ کرے گا۔یہ اقدام یونیورسٹی کے اردگرد پانچ کلو میٹر کے دائرے میں واقع دیہی آبادی میں پانی کی قلت کو کم کرنے کے لیے شروع کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں عوامی رابطہ اور آگاہی سرگرمیوں میں طلبہ کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔پانی کے ٹینکروں کی فراہمی کا عمل 18 فروری سے شروع ہوگا اور یہ معاہدہ ایک سال تک مؤثر رہے گا، جس میں باہمی رضامندی سے نظرثانی یا توسیع کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔ اس اشتراک سے گرد و نواح کے دیہات میں محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی بہتر ہونے کی امید ظاہر کی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر