
مظفر پور، 18 فروری (ہ س)۔
مظفر پور ضلع میں بدعنوانی کے خلاف جاری کریک ڈاو¿ن کے ایک حصے کے طور پر، بہار ویجیلنس ڈپارٹمنٹ کی ایک ٹیم نے صدر پولیس اسٹیشن میں تعینات سب انسپکٹر بھاسکر کمار مشرا کو 15,000 روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ یہ کارروائی بدھ کی صبح تھانے کے احاطے میں کی گئی۔
سب انسپکٹر بھاسکر کمار مشرا اغوا کے ایک معاملے میں تفتیشی افسر (آئی او) تھے۔ ا ن پر الزام ہے کہ انہوں نے کیس میں سہولت کاری اور کیس ڈائری کو کمزور کرنے کے عوض متاثرہ سے 50,000 روپے رشوت طلب کی تھی۔ یہ رقم بعد میں دونوں فریقوں کے درمیان 30,000 میں طے پائی۔
شکایت کنندہ امن کمار نے اس معاملے کی اطلاع ویجیلنس ڈیپارٹمنٹ کو دی۔ شکایت موصول ہونے کے بعد ویجیلنس ٹیم نے معاملے کی تصدیق کی اور الزامات کو سچ ثابت ہونے پر جال بچھا دیا۔ منصوبہ بندی کے مطابق، شکایت کنندہ نے ملزم افسر کو رشوت کی پہلی قسط کے طور پر 15,000 روپے دئیے۔ جیسے ہی سب انسپکٹر نے رشوت قبول کی تو پہلے سے موجود سرویلنس ٹیم نے اسے موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔
ویجیلنس ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس پی) سنجے کمار نے بتایا کہ یہ گرفتاری صدر پولیس اسٹیشن کے احاطے میں کی گئی۔ ملزم افسر کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے، مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مظفر پور ضلع میں ویجیلنس ڈپارٹمنٹ کی یہ مسلسل دوسری بڑی کارروائی ہے۔ قبل ازیں منگل کو انچارج ڈسٹرکٹ ایگریکلچر آفیسر ہمانشو کمار کو بھی رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔
تھانے کے اندر ایک پولیس افسر کی گرفتاری نے محکمہ پولیس میں ہلچل مچا دی ہے۔ اس کارروائی کو ویجیلنس ڈیپارٹمنٹ کی بدعنوانی کے خلاف سخت کارروائی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
محکمہ ویجیلنس حکام نے واضح کیا ہے کہ کرپشن میں ملوث کسی بھی سرکاری اہلکار کو بخشا نہیں جائے گا اور مجرموں کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ