
کانپور، 18 فروری (ہ س)۔ اترپردیش کے کانپور میں راوت پور تھانہ علاقے کے تحت دیر رات پرانی رنجش کے سبب بی جے پی یووا مورچہ کے سابق ضلع نائب صدر اور دبنگ نوجوان کے درمیان مار پیٹ ہو گئی۔ مشتعل نوجوان نے بی جے پی لیڈر پر ایک کے بعد ایک چاقووں سے کئی وار کیے۔ اس کے بعد پیٹھ پر گولی مار دی۔ یہ پورا واقعہ وہیں پر نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہو گیا۔ آناً فاناً میں زخمی کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں اس کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ اطلاع پر پہنچی پولیس نے ملزم حملہ آور کو گرفتار کر لیا ہے۔
بی جے پی یووا مورچہ کے سابق ضلع نائب صدر سونو راٹھور نواب گنج واقع سگنیچر سٹی کے پاس رہتے ہیں۔ کنبہ میں ماں رجو دیوی اور بڑا بھائی سوربھ ہیں۔ اس کے علاوہ چھپیڑا پلیا پر ان کی پوجا کے سامان کی دکان ہے۔ اہل خانہ نے بتایا کہ منگل دیر رات سونو راوت پور میں ایک شادی کی تقریب میں شامل ہونے گئے تھے۔ وہیں سے چھپیڑا پلیا واقع دکان سے ہوتے ہوئے واپس گھر آ رہے تھے۔
اسی دوران ابھیشیک وشوکرما اپنے دو دیگر ساتھیوں کے ساتھ جائے وقوع پر پہلے سے موجود تھا۔ اس نے سونو کا راستہ روکا اور پھر اس پر تابڑ توڑ چاقو سے حملہ کر دیا۔ اس کے بعد پیٹھ پر گولی مار کر اسے خون آلود کرکے موقع سے فرار ہو گیا۔ واقعہ وہیں پر لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہو گیا۔
آناً فاناً زخمی کو ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں سے اسے ہیلٹ ریفر کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق، دونوں فریقوں میں طویل وقت سے دکان کو لے کر تنازعہ چل رہا تھا، اسی کے سبب یہ حملہ کیا گیا۔
پولیس ڈپٹی کمشنر (مغربی) ایس ایم قاسم عابدی نے بتایا کہ ملزم ابھیشیک وشوکرما کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تحریر کی بنیاد پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن