
جموں, 08 جنوری (ہ س)۔ جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے دسویں جماعت کے نتائج کے اعلان سے متعلق جعلی لنکس اور ویب سائٹس سے ہوشیار رہنے کی طلبہ کو سخت ہدایت دی ہے۔بورڈ کی جانب سے بدھ کی دیر شام جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دسویں جماعت کے نتائج نئے چیئرمین کی تقرری کے فوراً بعد آئندہ چند دنوں میں جاری کیے جائیں گے۔ بیان میں کہا گیا کہ وادی کشمیر اور جموں ڈویژن کے سرمائی زون علاقوں کے دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج تقریباً تیار ہیں، تاہم ان کے باضابطہ اعلان سے قبل رزلٹ ڈیکلریشن کمیٹی، جس کی صدارت چیئرمین جے کے بوس کرتے ہیں، ان کی منظوری لازمی ہے۔ چیئرمین کی عدم موجودگی کے باعث نتائج کے اعلان میں قدرے تاخیر متوقع ہے۔
بورڈ نے طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ نتائج کے باضابطہ اعلان تک انتظار کریں اور مستند و تازہ معلومات کے لیے صرف بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ پر ہی انحصار کریں۔
طلبہ کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ شرپسند عناصر کی جانب سے پھیلائی جانے والی گمراہ کن خبروں اور جعل سازوں سے ہوشیار رہیں، جن کا مقصد معصوم طلبہ میں بے چینی اور کنفیوژن پیدا کرنا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر