
جموں، 09 جنوری (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے وزیر اعلی عمر عبداللہ نے وجے مرچنٹ ٹرافی جیتنے والی جموں و کشمیر انڈر-16 کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی اور اس تاریخی کامیابی پر ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کی۔ وزیر اعلیٰ نے کھلاڑیوں سے انفرادی طور پر بات چیت کرتے ہوئے ان کی ذاتی اور مجموعی کارکردگی کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔
انہوں نے ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو مستقبل میں بھی محنت، نظم و ضبط اور لگن کے ساتھ کھیل کے میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔ اس دوران انہوں نے کھلاڑیوں کی تعلیمی سرگرمیوں اور دیگر دلچسپیوں پر بھی توجہ دی۔
ٹیم کی کامیابی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ یہ فتح نہ صرف کھلاڑیوں کی غیر معمولی صلاحیتوں بلکہ باہمی تعاون، نظم و ضبط اور مسلسل محنت کا مظہر ہے، جس نے پوری جموں و کشمیر کا نام روشن کیا ہے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کپتان اسمیگی کھجوریا کی قیادت میں فاتح ٹیم کو شاندار کارکردگی اور ریاست میں کھیلوں کے فروغ میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں تعریفی ٹرافی پیش کی۔
واضح رہے کہ 6 جنوری کو گجرات کے شہر سورت میں کھیلے گئے فائنل کے تیسرے دن جموں و کشمیر کی ٹیم نے میزورم کو ایک اننگز اور 182 رنز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ وجے مرچنٹ ٹرافی اپنے نام کی، جو ریاست کی کھیلوں کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر