
جموں, 08 جنوری (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں سیکورٹی فورسز نے مشترکہ محاصرہ و تلاشی کارروائی کے دوران ایک مشتبہ دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلہ (آئی ای ڈی) برآمد کر کے محفوظ طریقے سے ناکارہ بنا دیا۔ حکام کے مطابق مشتبہ نقل و حرکت سے متعلق موصولہ خفیہ اطلاع پر بدھ کے روز تھانہ منڈی کے دوری مال علاقے کے کَلر جنگلات میں فوج اور پولیس نے مشترکہ کارروائی شروع کی۔
تلاشی کے دوران کچھ مشتبہ مواد ملا، جسے باریکی سے جانچنے پر تقریباً چار کلو وزنی مشتبہ آئی ای ڈی قرار دیا گیا۔ بعد ازاں بم ڈسپوزل اسکواڈ نے کنٹرولڈ طریقے سے اسے تباہ کر دیا۔ کارروائی کے دوران جائے وقوعہ سے چند خالی کارتوس بھی برآمد کیے گئے، جنہیں تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق علاقے میں تلاشی کا عمل جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر