
شمالی حصے میں چھایا گھنا کوہرا، کوہرے سے ریل آمدورفت متاثر
بھوپال، 08 جنوری (ہ س)۔ مدھیہ پردیش اس وقت شدید سردی کی زد میں ہے۔ رات کا درجہ حرارت کئی اضلاع میں 3 ڈگری سیلسیس سے نیچے پہنچ گیا ہے، جبکہ صبح ریاست کے تقریباً نصف حصے میں گھنا کوہرا چھایا ہوا ہے۔
کوہرے کی وجہ سے دہلی سے ایم پی آنے والی ایک درجن سے زیادہ ٹرینیں روزانہ 2 سے 6 گھنٹے کی تاخیر سے چل رہی ہیں۔ گزشتہ رات شہڈول ضلع کا کلیان پور ریاست میں سب سے ٹھنڈا مقام رہا، جہاں کم از کم درجہ حرارت 2.7 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ سیہور، چھندواڑہ اور مرینا میں پودوں پر اوس برف کی طرح جم گئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوری ماہ میں بھی اسی طرح کی کڑاکے کی سردی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اگلے 3-2 دنوں میں ٹھنڈ کا اثر اور بڑھ سکتا ہے، کیونکہ ہمالیائی خطے میں ایک ’ویسٹرن ڈسٹربنس‘ سرگرم ہے۔ اس کے آگے بڑھنے پر برف پگھلے گی اور ٹھنڈی ہواوں کی رفتار تیز ہوگی، جس سے ریاست میں ٹھنڈ اور بڑھے گی۔ ریاست کے شمالی حصوں میں صبح کے وقت گھنا کوہرا بنا ہوا ہے۔ گوالیار، شیوپوری، شیوپور، مرینا، بھنڈ، دتیا، نیواڑی، چھترپور، ٹیکم گڑھ، پنا، ستنا، ریوا، مئوگنج، سیدھی، سنگرولی، میہر، شہڈول، امریا اور انوپ پور اضلاع میں ویزیبلٹی (حد نگاہ) کافی کم رہی۔ وہیں بھوپال، اندور، رائسین، شاجاپور، راج گڑھ، سیہور اور دیواس سمیت کئی اضلاع میں درمیانی کوہرا دیکھا گیا۔ بدھ کو بھی ریاست کے نصف حصے میں کوہرے کا اثر رہا، جبکہ امریا اور شہڈول میں سرد لہر کی صورتحال بنی رہی۔ بھوپال میں دن کے وقت سرد ہوائیں چلیں۔
ریاست میں رات کے ساتھ ساتھ دن کے درجہ حرارت میں بھی گراوٹ درج کی گئی ہے۔ بدھ کو شمال مشرقی حصے کے ایک درجن سے زیادہ اضلاع میں تیز ٹھنڈ رہی۔ کھجوراہو میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 15.4 ڈگری اور نوگاوں میں 15.5 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ دتیا میں 16.1، ریوا میں 17، ٹیکم گڑھ میں 18، گوالیار میں 18.2، شیوپور میں 18.4 اور ستنا میں 19.5 ڈگری درجہ حرارت رہا، جس سے ان علاقوں میں کولڈ ڈے جیسی صورتحال رہی۔ اس کے علاوہ پچمڑھی میں 20، گنا میں 21.2، سیدھی میں 21.4، دموہ میں 21.5، شیوپوری میں 22، ملاج کھنڈ میں 23، رتلام میں 23.2، بھوپال میں 23.4، امریا میں 23.5 اور جبل پور میں 23.7 ڈگری زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت درج کیا گیا۔ مجموعی طور پر ریاست کے 17 شہروں میں دن کا پارہ 24 ڈگری سے نیچے رہا۔
ریاست کے بیشتر شہروں میں رات کا درجہ حرارت 10 ڈگری سے نیچے بنا ہوا ہے۔ منگل-بدھ کی رات کلیان پور (شہڈول) میں کم از کم درجہ حرارت 2.7 ڈگری درج کیا گیا۔ امریا میں 3.9، راج گڑھ اور کھجوراہو میں 4.5، شیوپوری میں 5، ریوا میں 5.8، ملاج کھنڈ میں 6.1، پچمڑھی میں 6.2، منڈلا میں 6.3، گنا میں 6.4، رائسین اور دموہ میں 6.5، ستنا میں 6.6، دتیا میں 6.9، نوگاوں میں 7، ٹیکم گڑھ میں 7.2 اور چھندواڑہ میں 7.8 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ ریاست کے پانچ بڑے شہروں میں جبل پور سب سے ٹھنڈا رہا، جہاں کم از کم درجہ حرارت 7.2 ڈگری درج کیا گیا۔ بھوپال میں 8.4، گوالیار میں 8.7، اجین میں 10.5 اور اندور میں 11 ڈگری درجہ حرارت رہا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن