
حیدرآباد، 7 جنوری (ہ س)۔ ٹاٹا پاور رینیو ایبل انرجی لمیٹڈ نے آندھرا پردیش کے ضلع نیلور میں 6,675 کروڑ روپے کی بھاری سرمایہ کاری کے ساتھ 10 گیگاواٹ کی صلاحیت کا انگوٹ اور ویفر مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کا اعلان کیاہے۔ یہ منصوبہ ملک میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا مینو فیکچرنگ مرکز ہوگا جو آندھرا پردیش کو جدید سولار مینوفیکچرنگ کے ایک اہم مرکز کے طور پر مستحکم کرے گا۔وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو کی زیرصدارت اسٹیٹ انویسٹمنٹ پروموشن بورڈ نے اس منصوبہ کی منظوری دے دی ہے جس کے لئے نیلور کے افکو کسان اسپیشل اکنامک زون میں 200 ایکڑ اراضی مختص کی گئی ہے۔یہ پلانٹ سولار سیلس، ماڈیولس اور سیمی کنڈکٹرس کے لئے ضروری اسٹریٹجک پرزے کی مقامی سطح پر تیاری میں مددگار ثابت ہوگا جس سے ہندوستان کا دیگر ممالک پر انحصار کم ہوگا۔ اس منصوبہ سے تقریباً 1,000 براہ راست ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ہے جبکہ تعمیراتی کاموں کے ذریعہ بڑی تعداد میں بالواسطہ روزگار بھی ملے گا۔ٹاٹا پاور اس فیکٹری کو بجلی فراہم کرنے کے لئے ایک 200 میگا واٹ کا اپنا گرین پاور پلانٹ بھی قائم کرے گی۔ آئی ٹی اور الکٹرانکس کے وزیر نارا لوکیش نے اس سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ریاست کے صنعتی انفراسٹرکچر اور پالیسیوں پر ٹاٹا گروپ کے اعتماد کی علامت قرار دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق