
پٹنہ،7جنوری(ہ س)۔ بہار میں حجاب اور نقاب پہننے والی خواتین اب سونا نہیں خرید سکتی ہیں۔ آل انڈیا جولرس اینڈ گولڈ فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ جو کسٹمر اپنے چہرے کو حجاب، نقاب سے چہرے کو ڈھانپ کر رکھی ہوں گی، انہیں زیورات کے دکانوں اور شو روم میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یہ متنازع فیصلہ ان مردوں پر بھی نافذ ہوگا جو اپنے چہرے کو ماسک یا ہیلمٹ جیسی چیزوں سے ڈھک رکھے ہوں گے۔ اس فیصلے کے مطابق اب بہار میں زیورات چہرہ دکھانے کے بعد ہی خریدے جاسکتے ہیں۔آل انڈیا جولر اینڈ گولڈ فیڈریشن کے مطابق بہار ایسی پہلی ریاست ہے جس نے اس طرح کے اصول کو لاگو کیا۔ آل انڈیا جولرس اینڈ گولڈ فیڈریشن کے ریاستی صدر اشوک کمار ورما نے بتایا کہ یہ قدم زیورات کی دکانوں میں ہو رہی چوری اور لوٹ پاٹ کے واقعات کو روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔اشوک کمار ورما نے کہا کہ ہمارا مقصد برقع پر پابندی لگانا نہیں ہے، بلکہ حجاب یا برقع پہننے والوں سے درخواست کرنا ہے کہ چہرہ دکھا کر ہی خریداری کریں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ خواتین ہماری بات مانیں گی اور اس میں تعاون کریں گی۔اشوک کمار ورما نے نہ صرف حجاب پہننے والی خواتین سے بلکہ گمچھا یا ہیلمٹ پہننے والے مردوں سے بھی اپیل کی ہے، کیونکہ اس کی وجہ سے ان کا چہرہ پہچانا نہیں جا سکتا۔ یہ فیصلہ سکیورٹی کے نقطہ نظر سے لیا گیا ہے۔مسلم خواتین کے بارے میں اشوک ورما نے کہا کہ میں برقعے کے خلاف نہیں ہوں، لیکن اگر کوئی گاہک اور دکاندار آمنے سامنے ہوں تو ایک رشتہ بنتا ہے۔ یہ اصول کسی خاص برادری کے لیے نہیں، بلکہ سب کے لیے ہے۔بہار میں اس فیصلے کی مخالفت کے امکان کے بارے میں اشوک ورما نے کہا کہ کسی قسم کی مخالفت کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ ہمارے عملے کا کوئی بھی مرد یا خاتون رکن خود سے حجاب نہیں ہٹائے گا۔ ہم ان سے درخواست کریں گے تو اس میں کسی قسم کے جھگڑے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan