
جموں, 07 جنوری (ہ س)۔ ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن جموں (ڈی ایس ای جے) نے محکمہ تعلیم کے دفاتر میں تدریسی عملے کی تعیناتی سے متعلق تازہ ہدایات جاری کی ہیں۔
ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن جموں ڈاکٹر نسیم جاوید چودھری کی جانب سے جاری کردہ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ اس امر کا نوٹس لیا گیا ہے کہ بارہا واضح ہدایات کے باوجود چیف ایجوکیشن افسران (سی ای اوز) اور زونل ایجوکیشن افسران (زی ای اوز) کے دفاتر میں اب بھی تدریسی عملے کی خدمات دفتری امور کے لیے حاصل کی جا رہی ہیں۔
سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ تدریسی عملہ صرف اور صرف تعلیمی و تدریسی فرائض کے لیے مقرر ہوتا ہے اور انہیں کسی بھی صورت میں سی ای او/زی ای او دفاتر یا کسی دیگر انتظامی سیٹ اپ میں دفتری یا کلریکل کام کے لیے تعینات نہیں کیا جائے گا۔
اس ضمن میں تمام چیف ایجوکیشن افسران اور زونل ایجوکیشن افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے دفاتر میں اس وقت تعینات تمام تدریسی عملے کو فوری طور پر فارغ کریں اور انہیں ان کے متعلقہ تعیناتی مقامات پر فوری طور پر رپورٹ کرنے کو یقینی بنائیں۔
مزید یہ کہ متعلقہ ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ ان احکامات کی عدم تعمیل کی صورت میں ایسے تدریسی عملے کی تنخواہ فوری طور پر روک دی جائے۔
سرکلر میں خبردار کیا گیا ہے کہ ان ہدایات سے کسی بھی قسم کا انحراف یا عدم تعمیل کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور متعلقہ قواعد کے تحت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر